عالمی برادری روہنگیا مسلمانوں کی واپسی کے لئے میانمار پر دباؤ ڈالے: بنگلہ دیشی وزیر اعظم
1440
M.U.H
10/09/2018
بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے اسلامی ترقیاتی بینک سمیت عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ ہزاروں پناہ گزین روہنگیا مسلمانوں کی واپسی کو یقینی بنانے کے لئے میانمار کی حکومت پر دباؤ بڑھائے۔
بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے اپنے ملک میں اسلامی ترقیاتی بینک کی ذیلی برانچ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عالمی برادری پر زور دیتی ہیں کہ میانمار کی حکومت پر دباؤ بڑھایا جائے تاکہ پناہ گزین روہنگیا مسلمان کی واپسی کے لیے ساز گار ماحول پیدا ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتیں کہ اسلامی ترقیاتی بینک، میانمار کے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی پر خاموشی اختیار کر سکتا ہے۔
گذشتہ برس پچیس اگست کو میانمار کے صوبہ راخین میں روہنگیا مسلمانوں پر میانماری فوج اور انتہا پسند بدھسٹوں کے تازہ حملوں میں اب تک ہزاروں بے گناہ روہنگیا مسلمان مارے جا چکے ہیں جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔
تقریبا دس لاکھ سے زائد روہنگیا مسلمان، میانمار کی فوج اور انتہا پسند بدھسٹوں کے وحشیانہ مظالم سے محفوظ رہنے کے لئے اپنا گھر بار چھوڑ کر بنگلہ دیش کی سرحد کے اندر پناہ لینے پر مجبور ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ میانمار کے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف فوج اور انتہا پسند بدھسٹوں کے اقدامات کو نسل کشی قرار دے چکی ہے۔