عالمی برادری صہیونیوں کے جوہری ھتھیاروں کے خاتمے کو یقینی بنائے: ظریف
3274
M.U.H
29/06/2018
تہران، 28 جون - اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ناجائز صہیونی ریاست کے پاس موجود خطرناک جوہری، کیمیائی اور حیاتیاتی ھتھیار جن سے عالمی امن و سلامتی کو بڑا خطرہ لاحق ہے، کے خاتمے کی ضمانت دے.
یہ بات ''محمد جواد ظریف'' نے ایرانی شہر ''سردشت'' پر عراقی کیمیائی ہتھیاروں کے حملے کی 31ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہی.
انہوں نے کہا کہ 28 جون کو ایران میں سردشت پر عراقی کیمیائی حملوں کی سالگرہ کے طور پر منایا جاتا ہے اور ہم اس دن میں غریب اور مظلوم سردشت کے عوام کی یاد کو تازہ کرتے ہیں.
جواد ظریف نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس دن کو قومی انسداد کیمیائی ھتھیاروں کے دن کے طور پر بھی مناتا ہے.
انہوں نے مزید کہا کہ آٹھ سالہ مسلط شدہ جنگ کے دوران عالمی سامراجی قوتوں نے کوشش کی کہ ایران میں اسلامی انقلاب کے خلاف جنگ مسلط کرنے کے بعد ایران کو اپنی سازشوں کا شکار کریں مگر ایرانی نہ ڈر اور با غیرت قوم نے ان تمام سازشوں کو خاک میں ملادیا.
ظریف نے مزید کہا کہ آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ عالمی سامراجی قوتیں کس طرح خطے میں بالخصوص شام اور عراق میں دہشتگردوں کی ہر طرح مدد کرتے ہیں اور ان عناصر کو خطرناکی جوہری اور زہریلے ھتھیار بھی فراہم کرتے ہیں.
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ ایسے خطرناک ھتھیاروں کے مکمل خاتمے کے لئے اپنی ذمے داری ادا کرے تا کہ مستقبل میں سردشت اور حلبچہ جیسے واقعات نہ ہوں.
محمد جواد ظریف نے مزید کہا کہ امریکہ آج تک تخفیف کیمیائی ھتھیار سے متعلق عالمی کنوینشن پر عمل نہیں کررہا جبکہ اسلامی جمہوریہ ایران اس معاہدے کے مکمل نفاذ کے لئے اپنے وعدوں پر عمل پیرا ہے.
اس موقع پر کیمیائی ہتھیاروں میں شہید اور متاثر ہونے والے افراد کے خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ دفترخارجہ عالمی سطح پر کیمیائی حملوں میں متاثر ہونے والے شہریوں کے حقوق کے لئے جد و جہد جاری رکھے ہوئے ہے.