ملک دشمن عناصر کی ستتر کارروائیوں کو ناکام بنایا جا چکا ہے:جنرل امیر علی
3400
M.U.H
28/11/2018
مارچ دو ہزار اٹھارہ سے اب تک ایران کی مغربی اور شمال مغربی سرحدوں پر دشمن عناصر کی ستتر کارروائیوں کو ناکام بنایا جا چکا ہے۔
یہ بات ایران کی سپاہ کے ایک اعلی کمانڈر بریگیڈیئر جنرل امیر علی حاجی زادے نے وسطی ایران کے صوبے اصفہان کے شہر فلاورجان میں شہدائے وطن کی یاد میں منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ایئر اسپیس ڈویژن کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل امیر علی حاجی زادے کا کہنا تھا کہ سعوی عرب، متحدہ عرب امارات اور اسرائیل نے ایران میں بدامنی پھیلانے کے لیے بھاری سرمایہ کاری کی ہے جو برباد ہو گئی ہے۔
انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ مسلح افواج اور سیکورٹی اداروں کی مستعدی اور چابک دستی کے نتیجے میں دشمن اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام ہو گیا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے اعلی کمانڈر نے کہا کہ ملکی دفاع کے مختلف میدانوں میں ہم خودکفیل ہیں اور بعض دیگر شعبوں میں تیزی کے ساتھ خودکفالت کی جانب گامزن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران، اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے آج تک مختلف شعبوں خاص طور سے دفاعی میدان میں پابندیوں کا شکار چلا آرہا ہے لیکن اس کے باوجود ہم دفاعی میدان میں ترقی کی منزلیں طے کر رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اکتیس اگست دو ہزار سولہ کو اعلی سول اور فوجی حکام کے ساتھ ملاقات میں ملک کی دفاعی طاقت میں مسلسل اضافے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔