ویانا: یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ کے ساتھ ایک ملاقات میں ایران جوہری معاہدے کے نفاذ پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ایک بار پھر اس مؤقف کا اعادہ کیا ہے کہ یہ معاہدہ صرف دو ملکوں کے درمیان طے پانے والا سمجھوتہ نہیں۔
تفصیلات کے مطابق، خاتون یورپی رہنما 'فیدریکا مغرینی' اور آئی اے ای اے کے سربراہ 'یوکیا امانو' نے سلووینیا میں منعقدہ بلڈ اسٹریٹجک فورم کے موقع پر ملاقات کی۔ فریقین نے اس موقع پر ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان طے پانے والے جوہری معاہدے کے نفاذ کا جائزہ لیا۔
یاد رہے کہ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان طے پانے والے ایٹمی معاہدے کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے وعدوں پر من و عن عمل کر رہا ہے۔ 'یوکیا امانو' نے گزشتہ جمعرات میں اپنی آٹھویں رپورٹ کو بورڈ آف گورنرز کے سامنے پیش کردیا اور کہا کہ 16 جنوری 2016 میں جوہری معاہدے کے نفاذ کے بعد سے اب تک ایران نے اپنے تمام وعدوں پر پوری طرح عمل کیا ہے۔