اسلامی جمہوریہ ایران کی ایکسپیڈینسی کونسل کے چیئرمین نے عراق کو تقسیم کرنے کی موجودہ سازشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات پورے خطے اور عالم اسلام سے سنگین غداری کے مترادف ہیں۔
ان خیالات کا اظہار آیت اللہ 'سید محمود ہاشمی شاہرودی' نے ہفتہ کے روز تہران میں ایکسپیڈینسی کونسل کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے عراقی علاقے کرسستان میں حالیہ فسادات اور برادر اور ہمسایہ ملک عراق کو تقسیم کرنے کی سازشوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ ان سازشوں کے پیچھے امریکہ اور ناجائز صہیونی ریاست ملوث ہیں جن کا مقصد خطے میں نئے اسرائیل کا قیام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ علاقائی تبدیلوں کے حوالے سے امریکی کردار خطرناک ہے کیونکہ امریکہ ایک طرف تو کردستان ریفرنڈم کی مخالفت کرتا ہے مگر دوسری طرف اس منصوبے کی حمایت کرتے ہوئے چاہتا ہے کہ حکومت بغداد ملک کو تقسیم کرنے سازش کو تسلیم کرے۔
آیت اللہ ہاشمی شاہرودی نے کہا کہ علاقائی اقوام بیدار ہیں اور خطی ممالک بالخصوص اسلامی جمہوریہ ایران اور ترکی ایسی سازشوں اور فسادات کو ناکام بنادیں گے۔
انہوں نے اس موقع پر اعلی عراقی رہنما اور سابق صدر مرحوم جلال طالبانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے مرحوم جلال طالبانی کے جنازے کے موقع پر متحد عراق کا پرچم کے بجائے کردستان کے پرچم کو لہرایا گیا جس پر بعض عراقی اراکین پارلیمنٹ نے احتجاج کرتے ہوئے جنازے سے نکل گئے۔
ایران کی ایکسپیڈینسی کونسل کے چیئرمین نے عراقی مسلح افواج بالخصوص الحشد الشعبی کی داعش اور تکفیری عناصر کے خلاف حالیہ فتوحات کا ذکر کرتے ہوئے بغداد حکومت پر زور دیا کہ امریکی اور صہیونی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے اور عراق کو ہرگز تقسیم نہ ہونے دے۔
اس موقع پر انہوں نے ایران کے سابق صدر محمود احمدی نژاد کے بھائی مرحوم داود احمدی نژاد کے انتقال پر اپنی تعزیت کا اظہار بھی کیا۔