ایران میں تین دہشتگرد گروہ کے نیٹ ورک تباہ کر دیئے: وزیر انٹیلی جینس
3126
M.U.H
23/10/2018
اسلامی جمہوریہ ایران کے جنوبی صوبے خوزستان میں سیکورٹی فورسز نے ایک حساس آپریشن کے دوران ملک دشمن عناصر پر مشتمل تین دہشتگرد گروہوں کو بے نقاب کردیا۔
یہ بات ایرانی وزیر انٹیلی جنس علامہ 'سید محمود علوی' نے منگل کے روز عراق سے ملحقہ ایران کے سرحدی علاقے 'شلمچہ' کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں 15 دہشتگردوں پر مشتمل تین گروہ چہلم امام حسین (ع) کے سالانہ عظیم پیدل مارچ میں شریک زائرین کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنا رہے تھے مگر ایران کے حساس اداروں نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے ان عناصر کی سازش کو بے نقاب کردیا۔
علامہ علوی نے کہا کہ امریکہ اور ناجائز صہیونی ریاست آل سعود کے ساتھ مل کر اسلامی سرزمین ایران کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں مگر ہم بیدار ہیں اور ہرگز اجازت نہیں دیں گے کہ تکفیری عناصر اور کرائے کے دہشتگرد ایران کے خلاف قدم اٹھانے کی جرات کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چہلم کے زائرین کی فول پروف سیکورٹی فراہم کی گئی ہے اور زائرین کو کسی بھی لحاظ میں پریشانی نہیں ہوگی۔