طوفان اقصیٰ آپریشن کے شہداء کو "شہدائے راہ قدس" کے نام سے پکار جائے: سید حسن نصر اللہ
1822
m.u.h
26/10/2023
حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصر اللہ نے آج بدھ 25 اکتوبر کی صبح اپنی تنظیم کے میڈیا یونٹس اور ٹیموں کو "طوفان الاقصیٰ" آپریشن کے شہداء کی نام گزاری کے بارے میں ایک اہم پیغام بھیجا ہے۔ "المیادین" نیٹ ورک کی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق، سید حسن نصر اللہ نے اپنی تنظیم کی میڈیا ٹیموں سے کہا کہ وہ طوفان الاقصیٰ آپریشن کے شہداء جو 7 اکتوبر سے شہید ہوئے ہیں، ان کا تذکرہ "شہدائے راہ قدس" کے طور پر کریں۔ لبنان کی حزب اللہ تنظیم کے سیکرٹری جنرل نے اس عنوان کے بارے میں تاکید کی کہ "شہدائے راہ قدس" کا نام، طوفان الاقصیٰ آپریشن کے دوران دشمن کے ساتھ ہماری جنگ کی حقیقت سے مطابقت رکھتا ہے۔
سید حسن نصراللہ آج طوفان الاقصیٰ آپریشن کے 19ویں دن، فلسطین کی مزاحمتی تنظیم جہاد اسلامی کے سیکرٹری جنرل "زیاد نخالہ" اور تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ "صالح العروری" کے میزبان تھے۔ اس ملاقات میں غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی جانب سے اس آپریشن کے آغاز سے لے کر اب تک ہونے والی واقعات اور اس کے بعد ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ لبنان اور مقبوضہ فلسطین کے درمیان سرحد پر جاری تنازعات کا جائزہ لیا گیا، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر مزاحمت کے اہم موقف پر اتفاق کیا گیا۔
مزاحمتی محور نے 7 اکتوبر کو "طوفان الاقصی" آپریشن کے پہلے گھنٹوں میں ہی اپنے اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ جنوبی لبنان میں اسلامی مزاحمت نے صیہونیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے متعدد کارروائیاں کیں، جن کے نتیجے میں متعدد قابض فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے اور ان کی فوجی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ طوفان الاقصیٰ آپریشن کو شروع ہوئے دو ہفتے گزر چکے ہیں، صہیونی میڈیا حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی فوج کے ساتھ میدان جنگ میں داخل ہونے پر تشویش کا اظہار کر رہا ہے۔ "واللا" نیوز ویب سائٹ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ حزب اللہ نے صیہونی فوج کو الجھانے کے لیے بکھرے ہوئے حملوں میں "تشویش" کی حکمت عملی کا استعمال کیا، کہا کہ حزب اللہ نے اپنی مطلوبہ ہر چیز حاصل کر لی اور یہاں تک کہ غزہ پر زمینی حملے کے نتائج سے تل ابیب کو خوفزدہ کر دیا۔