یہ بات صدر مملکت ڈاکٹر 'حسن روحانی نے گزشتہ رات قطر کے امیر 'شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے ساتھ ایک ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کہی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، قطر پر مسلط کی جانے والی پابندیوں کی مخالفت کرتا ہے اور انہیں غیرمنصفانہ سمجھتا ہے، ہماری نظر میں ایسے اقدامات سے خطی ممالک کے درمیان تناو میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران، قطری قوم اور حکومت کے ساتھ تعاون اور علاقائی استحکام کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔
ڈاکٹر روحانی نے علاقائی مسائل کے حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران اور قطر کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر قطر کے امیر نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور قطر کے درمیان ہمیشہ دیرینہ روابط رہے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ یہ تعلقات مزید مضبوطی سے آگے بڑھے۔ قطری امیر نے کہا کہ قطر کی قوم اور حکومت اسلامی جمہوریہ ایران کے شکر گزار ہیں کہ اس نے پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے اپنی فضائی، سمندری اور زمینی سرحدوں کو قطر کے لئے کھول دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہرگز ایرانی تعاون اور ان کی مدد کو فراموش نہیں کریں گے۔