تہران - اسلامی جمہوریہ ایران کے 12ویں صدر ڈاکٹر 'حسن روحانی کی تقریب حلف برداری میں 8 ملکوں کے صدور اور 19 ممالک کے اسپیکر شرکت کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق، 5 اگست کو ایرانی دارالحکومت تہران میں واقع پارلیمنٹ کی ایک خصوصی تقریب میں ڈاکٹر حسن روحانی اپنے عہدے کا حلف لیں گے جس میں 11 علاقائی اور بین الاقوامی اداروں کے سنئیر حکام بھی شریک ہوں گے۔
ایران کے صدارتی دفتر کے شعبہ اطلاعات و نشریات کے معاون 'پرویز اسماعیلی نے منگل کے روز ارنا کے نمائندے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب تک 92 غیرملکی وفود کی شرکت حتمی ہوگئی ہے تاہم اس کی تعداد میں اضافے کا امکان بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے 12ویں صدر ڈاکٹر حسن روحانی کی تقریب حلف برداری میں ایشیا سے 25 وفود، عربی اور افریقی خطے سے 26 اور امریکی،یورپی ریاستوں سے 30 وفود شریک ہوں گے۔
ایرانی عہدیدار نے بتایا کہ آٹھ صدور اور 19 اسپیکروں کے علاوہ، 9 نائب صدور اور وزیراعظم، ۷ نائب اسپیکر، 11 ملکوں کے وزرائے خارجہ اور 35 ممالک کے خصوصی ایلچی اس تقریب میں شرکت کریں گے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے 12ویں صدر ڈاکٹر 'حسن روحانی کی تقریف حلف برداری 5 اگست بروز ہفتہ کو پارلیمنٹ میں منعقد کی جائے گی۔ یاد رہے کہ ایرانی مجلس (پارلیمنٹ) نے باضابطہ طور پر اعلان کیا کہ 5 اگست کو پارلیمنٹ کے خصوصی سیشن کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ایران کے 12ویں صدر جناب ڈاکٹر حسن روحانی کی تقریب حلف برداری ہوگی۔
مجلس میں صدارتی حلف برداری سے پہلے ایران کے سپریم لیڈر حضرت آیت اللہ العظمی 'سید علی خامنہ ای کی جانب سے ایران کے منتخب صدر کو باضابطہ صدارتی حکم نامہ پیش کرنے کی تقریب بھی منعقد ہوگی اور توقع کی جاتی ہے کہ یہ تقریب یکم یا دو اگست کو ہوگی۔ پارلیمنٹ میں منتخب صدر کی تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا جائے گا اور اس کے بعد صدر مملکت کے پاس اپنی کابینہ کے وزرا کو مجلس کے سامنے پیش کرنے کے لئے دو ہفتوں کی مہلت ہوگی جس کے بعد پارلیمنٹ کے اراکین ایک ہفتہ کے اندر نامزد وزرا کی اہلیت کا جائزہ لیں گے اور اس کے بعد اعتماد ووٹ حاصل کرنے کا اجلاس رکھا جائے گا۔
19 مئی کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے نتائج کے مطابق ڈاکٹر حسن روحانی 57 فیصد ووٹ لے کر کامیاب امیدوار قرار پائے ہیں۔ حسن روحانی 23 ملین 5 لاکھ 49 ہزار 616 ووٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں اور انہوں نے کل ووٹوں میں سے 57 فیصد ووٹ حاصل کر کے کامیابی اپنے نام کرلی ہے۔ حلف برداری کے موقع پر ایران کے نئے صدر چیف جسٹس اور گارڈین کونسل کے اراکین کی موجودگی میں اپنے عہدہ کا حلف اٹھائیں گے۔