صنعا- یمنی سرکاری فوج اور عوامی رضاکاروں نے سعودی اتحادی افواج کی ایک گاڑی کو تباہ کر دیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یمنی سرکاری فوج نے جیزان کےعلاقے عوجبہ میں ایک گاڑی کو نشانہ بنا کر متعدد سعودی اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔ یمنی سرکاری فوج کے حملوں کا نشانہ بننے والی گاڑی میں سوار تمام سعودی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
دوسری طرف صوبہ تعز کے علاقے المنصب کی پہاڑیوں پر سعودی اتحادی افواج کے حملوں کو پسپا کرتے ہوئے انہیں پیچھے دھکیل دیا گیا ہے۔ یمنی سرکاری فوج کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی اتحادی فوج المنصب کی پہاڑیوں پر قبضہ کرنا چاہتے تھے تاہم یمنی سرکاری فوج اور عوامی رضاکار فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی کی وجہ سے پسپا ہو کر واپس چلے گئے۔
جوابی کارروائی میں سعودی اہلکاروں کو ناقابل تلافی نقصانات ہوئے ہیں۔ سعودی عرب نے یمن میں اپنی کٹھ پتلی سرکار کے قیام اور اس ملک کے مفرور و مستعفی صدر کو اقتدار میں لانے کے لئے دو سال سے زائد عرصہ سے یمن پر جنگ مسلط کر رکھی ہے جس کے نتیجے میں اب تک ہزاروں بے گناہ شہری جاں بحق اور لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔