اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں نماز جمعہ آیت اللہ امامی کاشانی کی امامت میں منعقد ہوئی جس میں لاکھوں مؤمنین نے شرکت کی تہران کے خطیب جمعہ نے ملکی دفاعی مسائل کو ہر ملک کے لئے اہم قراردیتے ہوئے کہا کہ ایران کو بھی دفاعی مسائل میں کسی سے مذاکرات کی ضرورت نہیں ہے امریکہ کی جنگ در حقیقت ایرانی عوام کی فکر و سوچ کے ساتھ جنگ ہے۔
خطیب جمعہ نے اللہ تعالی کی بندگی اور عبادت کو انسان کی نجات اور فلاح کا واحد راستہ قراردیتے ہوئے کہا کہ انسان کو اپنی پوری زندکی میں اللہ تعالی کی بندگی کرنی چاہیے اگر انسان کا رابطہ اللہ تعالی سے قریب تر رہے گا تو وہ گناہ اور معصیت سے اتنا ہی دور رہے گا لیکن اگر انسان کا رابطہ اپنے معبود سے دور ہو جائے تو وہ گناہ اور معصیت میں مبتلا ہوسکتا ہے۔
آیت اللہ امامی کاشانی نے عراق کے وزير اعظم حیدر العبادی کی رہبر معظم انقلاب اسلامی کے ساتھ ملاقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں عراقی وزير اعظم کی توجہ دو اہم نکات کی طرف مبذول کی جن میں ایک نکتہ " امریکہ پر عدم اعتماد " کا نکتہ ہے جبکہ دوسرا نکتہ " عراقی جوانوں کی فداکاری " کا نکتہ ہے اور یہ دونوں نکات بڑی اہمیت کے حامل ہیں جن پر عراقی حکومت اور عوام کو توجہ مبذول کرنی چاہیے۔