ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ہمیں فخر ہے کہ وطن عزیز میں کامیاب ہونے والا اسلامی انقلاب ایک ایسا منفرد انقلاب تھا جس کو دنیا کی کسی بھی قوت کی حمایت حاصل نہ تھی.
ان خیالات کا اظہار صدر مملکت ڈاکٹر 'حسن روحانی' نے جمعرات کے روز اپنے صوبائی دوروں کے سلسلے میں کرمان صوبے کے علاقے 'سیرجان' میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا.
صدر روحانی کی دوسری مرتبہ ایران کے صدر بننے کے بعد یہ ان کا دوسرا صوبائی دورہ ہے. انہوں نے پہلا دورہ صوبہ سیستان و بلوچستان کا کیا تھا.
سیرجان میں اپنے خطاب میں صدر روحانی نے کہا کہ ایرانی قوم آج ریاست کا دفاع، قومی سلامتی، خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کے لئے ماضی سے زیادہ آمادہ ہے.
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی عوام دشمنوں کے مقابلے میں مضبوط اور زیادہ مزاحمت کرنے کے لئے تیار ہیں.
صدر روحانی نے کہا کہ ہمارا انقلاب ایک ایسا منفرد اور مثالی انقلاب ہے جس کی فتح کو دو ماہ گزرنے کے بعد ہی بانی انقلاب حضرت امام خمینی (رح) عوام کو بلیٹ باکس پر لائے تا کہ وہ خود ملک میں نظام کا انتخاب کریں.
انہوں نے مزید کہا کہ آج ہمیں فخر ہے کہ وطن عزیز میں قائم نظام اور جمہوریت اسلامی پہنچان، نبی کریم (ص) اور اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کی بنیاد پر ہے.
ایران کے صدر نے کہا کہ آج مشرق وسطی کے کون سے علاقے میں ایران سے زیادہ پُرامن ملک ملتا ہے. یقینا وطن عزیز میں قائم مضبوط سلامتی کی وجہ عوام اور مسلح افواج کا مرہون منت ہے.
انہوں نے مزید کہا کہ واشنگٹن میں بیٹھ کر کوئی یہ نہ سوچے کہ ایرانی عوام کے لئے فیصلہ کرے کیونکہ ایرانی عوام کو آپ کے جرائم نہیں بھولے اور نہ ہی خطے میں آپ کے منفی اقدامات کو.
ڈاکٹر روحانی نے مزید کہا کہ اگر وہ زیادہ مخلص ہونے کا دعویدار ہیں تو پہلے ایرانی عوام کے منجمد کئے جانے والے اثاثوں کو بحال کریں. مگر آپ نے ہماری قوم پر پابندیاں لگائیں تاہم ایرانی عوام اپنے مستقبل کے لئے خود سوچیں گے.
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایرانی عوام اپنی سلامتی، خودمختاری اور ترقی کے لئے ماضی سے زیادہ آمادہ ہیں.
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایرانی صدر کے دورے کرمان کے موقع پر 10 ہزار ارب کی لاگت پر مختلف ترقیاتی اور اقتصادی منصوبوں کا افتتاح کریں گے.