اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے نتائج دشمن کے لیے تباہ کن ہوں گے:سید عبدالملک بدرالدین الحوثی
374
M.U.H
02/08/2024
حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ لبنان کے ممتاز کمانڈر فواد شکر کی شہادت کے ردعمل میں یمن کی تحریک انصار اللہ کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا ہے کہ جارح دشمن نے غزہ میں جنگ کو بڑے اور وسیع پیمانے پر پھیلانے کے لیے شہید ہنیہ کو نشانہ بنایا کہ جس کے نتائج یقیناً دشمن کے لئے تباہ کن ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے بھائیوں کے تعاون سے شہداء اور فلسطینی عوام پر ظلم کا بدلہ لینے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ پر صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ حملے اور ان کی شہادت نے یورپی ملکوں حتی بعض عرب ملکوں کو بھی رسوا کر دیا کہ وہ اس کی مذمت کے لئے بھی تیار نہیں ہوئے۔
انہوں نے اسی طرح حزب اللہ کے کمانڈر فواد شکر کی شہادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی لبنان پر صیہونی حکومت کا حملہ اور فواد شکر کو شہید کرنا بھی کھلی جارحیت اور خطرناک جرم ہے۔ انصاراللہ یمن کے سربراہ نے کہا کہ صیہونی دشمن شیخ احمد یاسین اور حماس کے دیگر رہنماؤں کو شہید کرکے کبھی بھی مجاہدت کے عزم و ارادے کو کمزور نہیں کرسکا ہے بلکہ ان کی شہادت نے مجاہدین راہ استقامت کے عزم و ارادے کومزید مستحکم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض عرب حکومتوں نے ٹرمپ پر فائرنگ کے واقعے کے فورا بعد اس کی مذمت میں بیان جاری کئے لیکن اسلامی استقامتی تحریک حماس کے سربراہ کی شہادت پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔