عراق کی سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں نے بغداد کے داخلی معاملات میں امریکی صدر ٹرمپ کے مداخلت پسندانہ بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عراق سے امریکی فوجیوں کے جلد سے جلد انخلا پر زور دیا ہے۔
عراقی صدر برہم صالح نے عراق میں امریکی فوجی موجودگی کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ ان فوجیوں کو ایران جیسے معاملات میں مداخلت کا حق نہیں ہے اور عراق میں رہنے کے لئے ٹرمپ نے ہم سے اجازت نہیں لی ہے۔
عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد الحلبوسی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ عراقی حکومت سے ملک میں امریکی فوجی موجودگی بارے میں سوال کرنے والی ہے اور یہ پوچھے گی کہ ملک میں امریکی فوجیوں کی کتنی تعداد ہے، ان کے کتنے فوجی اڈے ہیں اور عراق میں ان کی موجودگی کی کیا ضرورت ہے۔
عراقی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر الکعبی نے بھی ٹرمپ کو خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراقی عوام امریکی فوجیوں کو اپنے قومی عزم و ارادے سے نکال باہر کریں گے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ابھی حال ہی میں اپنے ایک بیان کہا تھا کہ وہ ایران پر نظر رکھنے کے لئےعراق میں اپنی فوج باقی رکھیں گے۔