ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اخوان المسلمین کے رہنماوں کی سزائے موت کی مذمت کی
1366
M.U.H
09/09/2018
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مصر میں اخوان المسلمین کے75 رہنماوں اور حامیوں کو دی جانے والی سزائے موت کی مذمت کی ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مصر کی عدالت کی جانب سےاخوان المسلمین کے رہنماوں کی سزائے موت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رابعه العدویه واقعہ میں کسی بھی سکیورٹی فورس کے اہلکارکو سزا نہ دینا باعث شرم اور تعجب ہے۔
واضح رہے کہ کل مصرکی عدالت نے اخوان المسلمین کے رہنمائوں سمیت 75 افراد کو سزائے موت سنائی تھی۔
مصر کی عدالت نے فوجی بغاوت کے ذریعے اقتدار سے ہٹائے جانے والے صدر محمد مرسی کی حمایت میں 2013 کے احتجاج میں شامل 700 سے زائد افراد کو سزائیں سنائیں۔
عدالت نے اخوان المسلمون کے رہنماؤں سمیت 75 افراد کو سزائے موت اوراخوان المسلمین کے رہنما محمد بدیع سمیت 46افراد کو عمر قید کی سزا سنائی۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مذکورہ عدالتی ٹرائل کو 'مجموعی طور پر غیر شفاف' اور مصر کے آئین کی خلاف ورزی قرار دیا۔ خیال رہے کہ 2013 میں ہونے والے احتجاج کے دوران مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے رابعہ العدویہ چوک پر پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے جن میں سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے سیکڑوں افراد ہلاک ہوئے۔