ایران کے دشمنوں کو میزائل سے نہیں اسلام سے مسئلہ ہے: تہران امام جمعہ
2698
M.U.H
25/05/2018
ایرانی دارالحکومت کے امام جمعہ نے کہا ہے کہ دشمن ایران کی عزت اور بالادستی کو نہیں دیکھ سکتا اور در حقیقت اسے میزائل سے نہیں بلکہ اسلام سے مسئلہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار آیت اللہ 'محمد امامی کاشانی' نے آج تہران میں نماز جمعہ کے ایک عظیم اجتماع میں نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وطن عزیز اسلامی جمہوریہ ایران آج ترقی، طاقت اور عزت کی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے اسی لئے دشمن عناصر اسلام، ہماری با ایمان قوم اور ہمارے نوجوانوں کی خوشحالی کو برداشت نہیں کررہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن ایران کی سائنسی اور تعلیمی ترقی کو نہیں دیکھ سکتے لہذا اگر ہم سب متحد رہیں اور اندرونی صلاحیتوں کا بخوبی استفادہ کریں تو دشمن ہمیں نقصان پہنچانے کی جرات نہیں کرے گا۔
تہران کے امام جمعہ نے کہا کہ اسلام میں امید پر زور دیا گیا ہے. ملک میں اتحاد و صبر کا ہونا لازمی ہے، مستقل پر امید رکھنا ملک کی سربلندی کے باعث ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قائد اسلامی انقلاب کی ہدایات کے مطابق دشمنوں پر ہرگز بھرسہ نہیں کرنا چاہئے بلکہ ماضی کے تجربات سے سبق حاصل کرنا چاہئے۔
آیت اللہ امامی کاشانی نے مزید کہا کہ اندرونی صلاحیت پر انحصار کرتے ہوئے ملک کے معاشی اور اقتصادی مسائل کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے حکومت، عدلیہ اور پارلیمنٹ پر زور دیا کہ باہمی اتحاد سے عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کریں اور سرمایہ کاری کے لئے بھی نجی شعبوں کی بھی حمایت کو بڑھائیں۔