شام سے انخلا کا دعوی ایک گھسا پٹا فریب ہے:الحشد الشعبی
3123
M.U.H
08/01/2019
عراقی رضا کار افواج "الحشد الشعبی" کے نائب سربراہ نے کہا کہ جس طرح کہ امریکی افواج کو اس سے قبل عراق سے نکال باہر کیا گیا ہے، ایک بار پھر بھی نکال باہر کیا جائے گا / شام سے امریکی فوجیوں کے انخلاء کا اعلان ایک گھسا پٹا امریکی فریب ہے۔
عراقی رضا کار افواج "الحشد الشعبی" کے نائب سربراہ ابو مہدی المہندس نے یمنی خبررساں ٹی وی چینل "المسیرہ" کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئے تو حال ہی میں شام سے نکل کر عراق میں آنے والے امریکی فوجی ـ جس طرح کہ اس سے پہلے نکال باہر کئے گئے تھے ایک بار پھر ـ عراق سے نکال باہر کئے جائیں گے۔
المہندس نے حال میں امریکی صدر کے خفیہ دورہ عراق کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: ٹرمپ نے خود کہا کہ امریکہ نے عراق میں سات ٹریلین ڈالر خرچ کئے ہیں لیکن وہ محفوظ طریقے سے عراق کے دورے پر نہیں آسکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امریکیوں کی موجودگی پر کسی قسم کا اعتماد نہیں کیا جاسکتا جیسا کہ شام میں ہمارے کرد برادران نے اس حقیقت کو قریب سے دیکھ لیا۔
المہندس نے کہا: عراق سے امریکی فوجیوں کا انخلاء اور عراق میں ان کی تعیناتی ایک پرانی اور گھسی پٹی مکاری ہے۔
ابو مہدی المہندس نے کہا: مستقبل کا تعلق استقامت کرنے والی قوموں سے تعلق رکھتا ہے اور ہمارے خطے میں امریکہ کے مستقبل کا دارومدار خطے کی اقوام کے مستقبل پر ہے جو خود ہی اپنے مقدرات کا تعین کرتی ہیں۔
المہندس نے مزید کہا: امریکی سی آئی اے اور دوسرے امریکی فوجی اور سلامتی کے اداروں کی کوشش ہے کہ اپنے شروع کردہ کھیل کا انتظام اپنے ہاتھ میں رکھیں، لہذا ہمیں اس مسئلے کی طرف خصوص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ شام سے امریکی فوجیوں کے انخلاء اور عراقی کردستان کے علاقے میں ان کی تعیناتی کا عمل ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ غیر متوقعہ فیصلے کے بعد شروع ہوا ہے اور امریکی حکام نے آج تک اس سلسلے میں متضاد بیانات دیئے ہیں۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ 2000 امریکی فوجیوں کے انخلاء کا کام اگلے 30 دن تک شروع ہوسکتا ہے؛ لیکن امریکی وزیر خارجہ مائیک پامپیو نے حال ہی میں کہا ہے کہ انخلاء کے عمل کی رفتار بہت کم ہوگی؛ اور امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے کہا ہے کہ شام سے امریکی فوجیوں کا انخلاء یہودی ریاست کی سلامتی سے مشروط ہوگا۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام سے اپنی فوج کے انخلاء کے اعلان کے بارے میں ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فوجیوں کا انخلاء مناسب رفتار اور پوری احتیاط کے ساتھ انجام پائے گا۔
ٹرمپ نے نیویارک ٹائمز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ اخبار دیوالیہ پن کے قریب پہنچ چکا ہے اور اس نے شام سے امریکیوں کے انخلاء کے بارے میں غلط رپورٹ شائع کی ہے۔
ٹرمپ نے کہا ہے: میرا فیصلہ میرے اظہار خیال کے عین مطابق ہے، ہم ایک مناسب رفتار کے ساتھ شام سے نکلیں گے اور اسی اثناء میں داعش کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھیں گے اور ہر وہ اقدام عمل میں لائیں گے جو محتاطانہ اور ضروری ہو۔