تہران - یرانی سپریم لیڈر کے معاون خصوصی برائے بین الاقوامی امور نے کہا ہے کہ نہ تو امریکہ کو ہمارے عسکری مراکز کا دورہ کرنے کا حق ہے اور نہ ہی اسے ایران کی سیکورٹی حدود تجاوز کرنے کی جرات ہے۔ یہ بات 'علی اکبر ولایتی' نے گزشتہ روز امریکی حکام کے ایران کے عسکری مراکز کا معائنہ کرنے کے دعوے پر اپنے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہی۔
ولایتی نے بین الاقوامی روبوکپ 2017 چیمپئن شپ میں اعزازات حاصل کرنے والے ایرانی ماہرین اور طلبا کی وطن واپسی پر تہران بین الاقوامی ہوائی اڈے پر میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ امریکہ کو ہرگز ایران کے عسکری مراکز کا معائنہ کرنے کا حق نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ اب وہ زمانہ چلا گیا جب بعض ممالک اپنے آپ کو عالمی طاقت سمجھتے تھے، عراق، ویت نام اور افغانستان میں سنگین شکست کے بعد ان کے اس دعوے کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔
علی اکبر ولایتی نے مزید کہا کہ ان کو ہرگز جرات نہیں ہوگی کہ ایران کے قریب بڑھیں و انھیں ہرگز ایران کے عسکری مراکز کا راستہ نظر نہیں آئے گا کیونکہ یہ مراکز ایران کی سیکورٹی حدود میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکیوں کو اپنے ایسے بے بنیاد اور من گھڑت دعووں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا سوائے اس کے کہ ان کو عالمی سطح پر شرمندگی اٹھانا پڑے۔