جرائم اور وعدہ خلافی کے سوا امریکہ کا کوئی اور کام نہیں: تہران امام جمعہ
1261
M.U.H
22/06/2018
ایرانی دارالحکومت کے امام جمعہ نے کہا ہے کہ امریکہ کا کام جرائم کرنا اور عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی ہے لہذا اس کے ساتھ مذاکرات کے بجائے اس سے مزید نفرت کرنی چاہئے۔
یہ بات آیت اللہ ''محمد علی موحدی کرمانی'' نے آج تہران میں نماز جمعہ کے ایک عظیم اجتماع میں نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر انہوں نے بعض حلقوں پر تنقید کی جنہوں نے مسائل کے حل کے لئے امریکہ کے ساتھ مذاکرات کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں، اور کہا کہ امریکہ نے جرائم کے سوا کچھ نہیں کیا لہذا اس سے بھرپور نفرت کرنی ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ امریکہ کے ساتھ مذاکرات کرنے کی باتیں کررہے ہیں وہ ذرا قرآن شریف کی آیات پڑھیں جہاں سامراج اور جابروں سے نفرت کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
تہران کے امام جمعہ نے کہا کہ امریکہ نے آج تک اپنے وعدوں پر عمل نہیں کیا کیونکہ وہ صرف اور صرف اپنے مفادات کے لئے کام کرتا ہے۔
ایران مخالف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مضموم عزائم کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے امریکہ کو مخاطب کیا کہ وہ جتنا دل چاہئے ایران پر پابندی لگائے مگر جان لے کہ امریکہ مزید بے نقاب ہوتا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج عالم امریکہ کی سربراہی میں دشمنوں کے شیطانی عزائم کا شدید سامنا کررہا ہے تاہم اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہمیں اللہ پر بھروسہ رکھتے ہوئے مقابلہ اور مزاحمت کرنی ہوگی۔
آیت اللہ موحدی کرمانی نے کہا کہ دشمنوں کی سازشوں بالخصوص امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب کی سازشوں کو نہیں گنا جاسکتا، کیا ان لوگوں نے کم نقصان پہنچایا، کیا انھوں نے کم غداری اور سازشیں کیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج آب دیکھ رہے ہیں کہ امریکہ نے کس طرح ہزاروں بچوں کو اپنے ماں باپ سے الگ کردیا جن کا صرف جرم یہی ہے کہ وہ پناہ گزین ہیں۔
سنیئر ایرانی عالم دین نے کہا کہ آج اسلام کے دشمن یمن اور فلسطین سمیت دنیا کے مختلف علاقوں میں نہتے عوام کا قتل کررہے ہیں اور مظالم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور دشمنوں کے ایسے اقدامات کا مقصد اپنی حکمرانی کو برقرار رکھنا ہے تاہم وہ تباہی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔