شیخ علی سلمان کے خلاف فیصلہ ظالمانہ ہے: ایمنسٹی انٹرنیشنل
3071
M.U.H
30/01/2019
ایمنسٹی انٹرنیشنل میں مشرق وسطی کے شعبے کی ڈائریکٹر سماح حدید نے بحرین کی الوفاق پارٹی کے سربراہ شیخ علی سلمان کے خلاف اپیل کورٹ کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقدمہ اور اس کا فیصلہ، ظالمانہ ہے-
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بحرینی حکام سے کہا ہے کہ وہ شیخ علی سلمان کو غیر مشروط فوری طور پر رہا کریں- انسانی حقوق کی مذکورہ عالمی تنظیم نے کہا ہے کہ اس طرح کے عدالتی فیصلے سے یہ ثابت ہو جاتا ہے کہ بحرینی حکام، ہر اس آواز کو دبا دینے کی کوشش کر رہے ہیں جو حکومتی پالیسیوں کے خلاف ہوتی ہے-
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا کہ شیخ علی سلمان کے خلاف یہ فیصلہ بحرین میں آزادی بیان کے حق کے تابوت میں ایک اور کیل ثابت ہو گا-
واضح رہے کہ بحرین کی آل خلیفہ حکومت کی نمائشی عدالت نے پیر کو شیخ علی سلمان اور ان کے دو ساتھیوں کے خلاف نچلی عدالت کے ذریعے سنائی گئی عمر قید کی سزا کی توثیق کردی ہے-
شیخ علی سلمان اور ان کے دو ساتھیوں، شیخ حسن سلطان اور علی الاسود پر بحرینی حکومت نے الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے قطر کے لئے جاسوسی کی ہے-
عدالتی فیصلے کے خلاف اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے الوفاق پارٹی نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ ظالمانہ ہے اور آل خلیفہ حکومت کے مظالم کے خلاف بحرینی عوام کی جد وجہد اور پرامن تحریک جاری رہے گی-