تہران: ایرانی دارالحکومت میں نماز عیدالاضحی کے خطیب نے فلسطین، یمن، شام اور پورے عالم اسلام میں صہیونیوں اور اس کے اتحادیوں کی سازشیوں کا ذکر کرتے ہوئے مسلم حکمرانوں پر زور دیا ہے کہ وہ مسلمانوں کی سلامتی اور مفاد پر خصوصی توجہ دیں۔
ان خیالات کا اظہار آیت اللہ 'محمد امامی کاشانی' نے جمعہ کے روز تہران میں ہزاروں فرزندان اسلام کی موجودگی میں نماز عید الاضحی کا خطبہ دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے حج کے اہم فلسفے کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ جیسا کہ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے گزشتہ روز اپنے اہم پیغام میں فرمایا، عالم اسلام کو بیدار ہونے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حج کا فلسفہ یہی ہے کہ امت مسلمہ کی مصلح پر توجہ دی جائے اور اسلامی ریاستوں کے حکمران مسلمانوں کے مفادات کا دفاع اور ان کی مشکلات کا ازالہ کریں۔ آیت اللہ امامی کاشانی نے کہا کہ بدقسمتی سے آج ناجائز صہیونی ریاست نے عالم اسلام کی سلامتی کو سیاسی، اقتصادی اور معنوی پہلووں سے متاثر کیا ہے۔
انہوں نے عالم اسلام کے دانشوروں اور عمائدین پر زور دیا کہ وہ فلسطین، شام، یمن اور دیگر اسلامی علاقوں میں صہیونیوں اور اس کے اتحادیوں کی شیطانی سازشوں کو بے نقاب کریں اور اپنی حکومتوں کو اس حوالے سے ایکشن لینے کے لئے بیدار کریں۔
آیت اللہ کاشانی نے مزید کہا کہ قرآن پاک کے مطابق حج وہ موقع ہے کہ مکہ مکرمہ میں دانشور کھٹے ہوتے ہیں اور فیصلہ کرتے ہیں مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج ایسا نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا خون بہانا اور اقتصادی مشکلات صہیونیوں اور مسلمانوں کے دشمن کا اصل مقصد ہے۔