ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایرانی قوم بعض معملات میں حکومت، پارلیمنٹ اور عدلیہ کے خلاف رائے رکھتی ہے لیکن ایرانی قوم انقلاب اسلامی اور نظام کے ساتھ بے حد وفادار ہے.
یہ بات رہبر معظم انقلاب اسلامی سید علی خامنہ ای نے شمال مغربی ایران کے صوبہ آذربائیجان کے لوگوں سے ایک تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی.
انہوں نے مزید فرمایا کہ ایران کے لوگوں کا ناصرف حکومت، مجلس(پارلیمنٹ) یا عدلیہ کے خلاف اختلاف رائے موجود ہے بلکہ بعض لوگ تو میرے خلاف بھی اختلاف رائے رکھتے ہیں لیکن یہ اختلاف رائے ہرگز انقلاب اسلامی یا اسلامی نظام کے خلاف نہیں ہے اور ایرانی قوم اس سے بہت وفادار اور مخلص ہے.
اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ انقلاب اسلامی نے اسلامی جمہوریہ ایران کو بہت سے فائدے دئیے ہیں جن میں سب سے زیادہ فائدہ ایران کو آمریت سے صاف کرنا اور اسلامی تعلیمات پر مبنی نظام ہے.
سپریم لیڈر نے گزشتہ ہفتے منعقد ہونے والی انقلاب اسلامی کی تاریخی ریلیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سال یہ ریلیاں تاریخی تھیں عوام کا اتنا بڑا سمندر ان ریلیوں میں شامل تھا یہ ایک معجزہ لگتا ہے.
انہوں نے کہا کہ دنیا میں کسی جگہ ایسا نہیں ہوتا کہ عوام چار دہائیوں کے بعد بھی سڑکوں پر نکلے اور اپنے انقلاب کا دفاع کرنے کے حوالے سے نعرے لگائیں اور ریلیاں اور یہ واضح کریں کے ہم اپنے انقلاب کا دفاع کرنے کے لئے ہمیشہ تیار ہیں.