بغداد - عراقی وزارت داخلہ نے ایران اور عراق کے اسٹریٹجک تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے دورے کے دوران ایرانی ہم منصب کے ساتھ اربعین امام حسین(ع) کے حوالے سے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے جائیں گے۔
يہ بات ' قاسم الاعرجي' نے ہفتہ كي دوپہر كو بغداد سے تہران سفر كرنے سے پہلے ارنا كے نمائندے كے ساتھ گفتگو كرتے ہوئے كہي۔ انہوں نے كہا كہ اس دورے كے دوران، ايراني فريق كے ساتھ دوطرفہ اور علاقائي تعلقات پر بات چيت كے علاوہ زيارت اربعين حسين(ع) كے ضروري اقدامات اور زائرين كي سہوليات اور سيكورٹي كي فراہمي پر تبادلہ خيال كيا جائے گا۔
انہوں نے كہا كہ تہران ميں مذاكرات كے اختتام پر ايراني وزير داخلہ كے ساتھ زيارت اربعين امام حسين(ع) كے حوالےسے مفاہمت كي ايك يادداشت پر دستخط كريں گے۔ انہوں نے ايران،عراق خسروي سرحد كو كھولنے كے حوالے سے كہا كہ بے شك اربعين امام حسين (ع) بالخصوص زائرين كے پيدل مارچ كے حوالے سے، ايران كے مطالبات كے مقابلے ميں عراق كا نقطہ نظر مثبت اور تعميري ہے۔
عراقي وزير داخلہ نے اپنے دورہ تہران كے مقصد كے حوالے سے كہا كہ ايراني حكام كے ساتھ مذاكرات كے اہم موضوعات، چہلم امام حسين(ع) كےعلاوہ دوطرفہ تعلقات كے فروغ، معلومات كا تبادلہ، دہشت گردي كے خلاف جنگ كرنا اور سرحدوں كي سيكورٹي كے حوالے سے بات چيت ہو گي۔
2003 ميں صدام كے زوال كے بعد اب تك ايران كي جانب سے عراقي قوم اور حكومت كي بھرپوراخلاقي اور سفارتي حمايت كي طرف اشارہ كرتے ہوئے انہوں نے كہا كہ ايران كي طرف سے عراقي قوم اور حكومت كي حمايت كھلي اور واضح ہے اور ايراني فوجي مشير دہشت گردوں كے خلاف جنگ ميں عراقي فورسز كے ساتھ شانہ بہ شانہ كھڑے ہيں۔تفصيلات كے مطابق، عراقي وزير داخلہ تہران كے دورے كے دوران ايراني وزير داخلہ 'رحماني فاضلي' سے ملاقات كے علاوہ ديگر ايراني حكام كے ساتھ ملاقاتيں كريں گے جن ميں باہمي دلچسپي كے امور پر تبادلہ خيال كيا جائے گا۔