ایران کو امریکہ پر ذرہ برابر اعتماد نہیں: ترجمان ایرانی وزارت خارجہ
1182
M.U.H
08/08/2018
اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ تہران کو امریکی حکومت اور صدر ٹرمپ پر ذرہ برابر بھی اعتماد نہیں ہے۔
تہران کے ساتھ مذاکرات کے لیے امریکی صدر کے اعلان آمادگی پر تبصرہ کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ امریکیوں نے ایران کے خلاف بھرپور نفسیاتی جنگ کا آغاز کر رکھا ہے ایسی صورت میں امریکی انتظامیہ پر کیسے بھروسہ کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ایران کو امریکی حکومت اور امریکی صدر دونوں میں سے کسی پر بھی اعتماد نہیں ہے۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایٹمی معاہدے جیسے متفقہ اور جامع معاہدے سے خودسرانہ طریقے سے علیحدگی اختیار کرنے والی امریکی حکومت کیسے یہ دعوی کر رہی ہے کہ وہ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے بارے میں امریکی صدر کے حالیہ موقف نے خطے میں ایران کے بعض دشمن ممالک اور اسرائیلی حکمرانوں کو چکرا کر رکھ دیا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی اس پیشکش کا ایک مقصد اپنے تابعدار ملکوں سے مزید پیسے اینٹھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ تہران موجودہ دور میں تمام ملکوں کے رویّے پر گہری نظر رکھے ہوئے اور ایران کے ساتھ کسی بھی ملک کا موجودہ رویّہ ہی مستقبل کے تعلقات اور تعاون کا راستہ متعین کرے گا۔