ایران کے وزیر دفاع نے ملک کے دفاعی منصوبوں خاص طور سے میزائل پروگرام میں ہونے والی پیشرفت کو اطمینان بخش قرار دیا ہے۔
بدھ کے روز تہران میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی کا کہنا تھا کہ ملکی دفاع کے تمام دفاعی منصوبوں، خاص طور سے میزائل پروگرام میں زبردست پیشرفت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی سائنسدانوں نے فضا سے فضا، زمین سے فضا، زمین سے زمین، سطح سمندر سے سمندر میں، ساحل سے سمندر اور سمندر کے اندر مار کرنے والے میزائلوں اور تارپیڈو کی طاقت اور توانائی میں مزید اضافہ کیا ہے۔
ایران کے وزیر دفاع نے کہا کہ مسلح افواج، ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے اپنی پوری توانائیاں بروئے کار لا رہی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اگست دو ہزار سولہ میں وزارت دفاع کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے دفاعی طاقت اور توانائی میں روز بروز اضافہ کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔