سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران نے مسجد الاقصی پر صیہونی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے نئے انتفاضہ اور فلسطینی مزاحمت کو غاصب صہونیوں اور ان کے حامیوں کے لئے ایک بھیانک خواب سے تعبیر کیا ہے۔اس بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد الاقصی پر غاصب صیہونیوں کے حملے اور فلسطینی جوانوں کے شہادت طلبانہ اقدام کے بعد بڑھتے صیہونی مظالم، نئے انتفاضہ کے سبب ان کے خوف و ہراس کو بیان کرنے کےلئے کافی ہیں۔
اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلامی مقدسات کی توہین اور مسجد الاقصی میں فوجی ساز و سامان اور فوجیوں کی کثیر تعداد بھی اس اسلامی میراث کو یہودی رنگ میں رنگنے کی ساز کو پروان چڑھانے میں کوئی مدد نہیں کرے گی۔سپاہ کے مطابق ان جرائم پر خاموش تماشائی بنی بیٹھی عالمی قوتیں، انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں اور اسلامی ممالک خبردار رہیں کہ بہت جلد ان جرائم کا ردعمل اور نتیجہ ان سب کے دامنگیر ہوگا۔ سپاہ پاسداران کے بیان میں آیا ہے کہ فلسطینی قوم کے عزم و حوصلے سے گریٹر اسرائیل کا وہ نقشہ جس میں نیل سے فرات تک کا علاقہ ایک صیہونی ملک کی صورت میں پیش کیا گیا تھا، تاریخ کے کوڑے دان کی نذر ہو گیا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی فلسطینی مزاحمت کی اصلی حامی ہونے کی حیثیت سے "طریق القدس" پر چلنے والے تمام مجاہدوں کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے اور ان کے عزم و حوصلے کو سلام کرتی ہے نیز ان کی حمایت میں بالکل بھی کوتاہی نہیں کی جائیگی۔