یمنی عوام دنیا کے خطرناک ترین اتحاد کا مقابلہ کر رہے ہیں: انصار اللہ
3291
M.U.H
28/06/2018
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ نے اقوام متحدہ کی بلیک لسٹ میں سعودی اتحاد کا نام شامل ہونے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمنی عوام دنیا کے خطرناک ترین اتحاد کا مقابلہ کر رہے ہیں۔
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبد السلام نے کہا ہے کہ جارح ملکوں پر مشتمل دنیا کے خطرناک ترین اتحاد کے مقابلے میں یمنی عوامی کی استقامت سے پورے علاقے پر اسٹریٹیجک اثر پڑے گا۔انھوں نے کہا کہ علاقائی و عالمی سطح پر یمنی عوام کو سراہا جا رہا ہے کیونکہ عوام نے علاقے اور دنیا کو مشترکہ سعودی، صیہونی اور امریکی اتحاد سے محفوظ رکھا ہےاقوام متحدہ نے ایک رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ سعودی اتحاد نے یمن میں بچوں کے حقوق کی خلاف ورزی کی ہے۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یمن میں سعودی عرب کی جارحانہ کارروائیوں کے نتیجے میں ایک ہزار تین سو یمنی بچے مارے گئے ہیں۔انسانی حقوق کی یورپی تنظیم نے بھی بچوں کے حقوق کی خلاف ورزی کرنے والوں سے متعلق اقوام متحدہ کی بلیک لسٹ میں سعودی اتحاد کا نام شامل ہونے کو ایک اہم واقعہ قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔الحزیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی اس بلیک لسٹ میں سعودی اتحاد کے نام کی شمولیت خاص اہمیت کی حامل ہے اس لئے کہ یمنی عوام کے خلاف وحشیانہ جرائم کے ارتکاب کی بنا پر عالمی عدالت انصاف میں کارروائی کے لئے یہ ایک ثبوت کی حیثیت رکھتا ہے۔
مذکورہ یورپی تنظیم کے مطابق اقوام متحدہ کی اس فہرست میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک اور گروپ شامل ہیں جو یمن میں تعلیمی و طبی مراکز کو نشانہ بناتے رہے ہیں اور وحشیانہ ترین جرائم کے مرتکب ہوئے ہیں۔امریکی اور صیہونی حکومت کی حمایت سے سعودی عرب مارچ دو ہزار پندرہ سے غریب اسلامی عرب ملک، یمن کو وحشیانہ ترین حملوں کا نشانہ بنائے ہوئے ہے جس میں اب تک تیس ہزار سے زائد یمنی شہری شہید و زخمی اور دسیوں لاکھ دیگر بے گھر ہوئے ہیں اور اس ملک کی بنیادی تنصیبات تباہ ہو گئی ہیں۔