حزب اللہ کے خلاف تمام گھناؤنی سازشیں ناکام: حسن نصر اللہ
1020
M.U.H
08/05/2018
حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے لبنان کے پارلیمانی انتخابات میں عوام کی بھر پور شرکت اور سکیورٹی کے اعلی انتظامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ حزب اللہ لبنان اور اسلامی مزاحمت کے خلاف دشمنوں کی تمام گھناؤنی سازشیں اور پروپیگنڈے ناکام ہوگئے ہیں انتخابات میں حزب اللہ اتحاد کی کامیابی درحقیقت لبنانی عوام کی کامیابی ہے۔
حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے لبنانی صدر میشل عون ، لبنانی حکومت اور لبنانی قوم کو بہترین، شاندار اور پر امن الیکشن منعقد کرانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے دوران سکیورٹی کے اعلی انتظامات تھے اور تمام نمائندے آسانی کے ساتھ اپنے پروگرام قوم کے سامنے پیش کرنے میں کامیاب رہے اور لبنانی قوم نے بھی اپنی پسند کے نمائندوں کو ووٹ دیکر پارلیمنٹ میں روانہ کیا ہے اور خطے کے پیچیدہ حالات کے پیش نظرلبنان میں پارلیمانی انتخابات کا انعقاد لبنانی حکومت اور قوم کی بہت بڑی کامیابی ہے۔
سید حسن نصر اللہ نے پارلیمانی انتخابات میں حزب اللہ اور اس کے اتحادیوں کی کامیابی کو اہم قراردیتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ کے خلاف دشمنوں کی تمام سازشوں کو لبنانی قوم نے ناکام بنادیا ہے۔ ہم اپنے ہدف میں کامیاب ہوگئے ہیں اور ہم تمام لبنانی احزاب سے ملکر لبنانی عوام کے تحفظ اور لبنانی عوام کی خدمت کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بیروت اسلامی مزاحمت کے مرکز کے طور پر باقی رہےگا۔