شامی افواج کا جہاں مشرقی دمشق میں عین ترما اور جوبر میں دہشتگرد تنظیموں کے خلاف شدید آپریشن جاری ہے وہیں شامی فضائیہ دہشتگردوں کیلئے امداد رسانی کے اہم ترین راستے اور ان کی سرنگوں پر شدید بمباری کرتے ہوئے شامی افواج کے آپریشن کو مزید آسان بنا رہی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق شامی افواج نے عین ترما اور جوبر میں زملکا اور عربین کو ملانے والی شاہراہ کو دہشتگردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ اب اس علاقے میں داخل ہونے والا ہر دہشتگرد فوج کے نشانہ پر ہوگا۔ دوسری طرف شام کے جنگلوں میں داعش اور دیگر دہشتگرد گروہوں کے خلاف بھی شامی افواج کا مشترکہ آپریشن شدت سے جاری ہے۔شامی افواج نے اراک سے الھیل کی طرف بڑھتے ہوئے دیر الزور کی سرحدوں سے ملنے والے تمام علاقوں کو خالی کرا لیا ہے۔
حماہ کے مضافات میں بھی شامی افواج اور دہشتگردوں کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں۔موصولہ اطلاعات کے مطابق شامی فوج روسی فضائیہ کی مدد سے اس علاقے میں پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس علاقہ میں داعش کا سب سے بڑا اڈہ مانا جانے والا عقیریات شامی فوج کی مہم کا حصہ بنا ہوا ہے۔
شامی فوج نے قنیطرہ میں بھی النصرہ فرنٹ اور دیگر دہشتگرد تنظیموں کے زیر قبضہ علاقوں کو آزاد کرا لیا ہے۔دوسری طرف حکومت مخالف مسلح باغیوں سے منسلک چینلوں نے خبر دی ہے کہ حلب کے مختلف علاقوں کو چھوڑ کر داعشی دہشتگرد الرقہ بھاگ گئے ہیں تاکہ وہاں اپنے ساتھیوں کی مدد کر سکیں حالانکہ کسی اور میڈیا چینلز نے ان خبروں کی تصدیق نہیں کی ہے۔شامی فوج نے حلب کے مضافات میں واقع اثریا اڈے پر پہنچ کر وہاں کا چارج سنبھالتے ہوئے اثریا الصافہ شاہراہ کو اپنی نگرانی میں لے لیا ہے۔