یمنی فوج اور عوامی رضاکار کمیٹیوں نے ملک کے ساحل پر سعودی اتحاد کی جنگی کشتی کو میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔تفصیلات کے مطابق یمنی فوج کا میزائل درست نشانے پر جا لگا اور دیکھتے ہی دیکھتے سعودی اتحاد کی جنگی کشتی تباہ ہوگئی۔سعودی اتحاد کی مذکورہ جنگی کشتی یمن کے صوبہ تعز کے ساحل پر تعینات تھی جسے یمنی فورسز نے میزائل کا نشانہ بنا کر تباہ کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق سعودی اتحاد کی یہ دسویں جنگی کشتی ہے جسے یمنیوں نے تباہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے مارچ 2015 میں یمن پر جنگ مسلط کی لیکن اسے اس جنگ میں تاریخی شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سعودی عرب اپنے ہمسایہ ممالک کے لئے بہت بڑا خطرہ بنا ہوا ہے۔
دوسری جانب یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورسز نے سعودی عرب کے علاقے جیزان میں سعودی فوجی ٹھکانوں پر مشترکہ کارروائی کرکے 36 اہلکاروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔آگاہ ذرائع نے یمنی چینل المسیرہ کو بتایا کہ الدفینہ، قائم زبید اور الکرس میں موجود سعودی فوجی ٹھکانوں پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 15 سعودی ہلاک ہوگئے۔ان کا کہنا تھا کہ دوسرا حملہ الخوبہ علاقے سعودی فوجی ٹھکانوں پر کیا گیا جو کم سے کم 20 سعودی فوجیوں کے مارے یا زخمی ہوجانے کا باعث بنا۔