تسلط پسند اور بڑی طاقتیں اپنی رٹ قائم کرنے کے لئے بے گناہ بچوں کے قتل سے بھی گریز نہیں کرتیں۔
اقوام متحدہ میں بچوں کی تنظیم یونی سیف کا کہنا ہے کہ جنوری کے مہینے میں مشرق وسطیٰ کے جنگ زدہ علاقوں میں تراسی بچے جاں بحق ہوئے۔
یونیسیف کے علاقائی ڈائریکٹر برائے مشرق وسطیٰ کے مطابق بچوں کی اموات عراق، لیبیا، فلسطین، شام اور یمن کے جنگ زدہ علاقوں میں ہوئیں، صرف شام میں انسٹھ بچے جاں بحق ہوئے۔
یونیسیف کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ جنوری خونی مہینہ رہا، جنگ زدہ علاقوں میں مسلسل بچوں کی اموات ناقابل قبول ہیں، ان علاقوں میں لاکھوں بچے اپنے بچپن سے محروم ہو رہے ہیں، ہم سب ان جنگوں کو رکوانے میں اجتماعی ناکام ہو رہے ہیں۔
یونیسیف کے ڈائریکٹر نے صرف ایک مہینے میں اتنے بچوں کی ہلاکت کی خبر ایسے میں دی کہ گزشتہ 3 سال سے سعودی عرب کی یمن پر جارحیت جاری ہے اوراس دوران ہزاروں بے گناہ بچے شہید اور زخمی ہو چکے ہیں لیکن اس کے باوجود سعودی عرب نے نہ فقط جنگ بند نہیں کی بلکہ یمن کا محاصرہ کر کے اس غریب عرب ملک کو انسانی المیے سے دوچار کردیا ہے اور عالمی ادارے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔