اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین کاظم صدیقی کی امامت میں منعقد ہوئی جس میں لاکھوں مؤمنین نے شرکت کی۔ نماز جمعہ کے خطبوں میں خطیب جمعہ نے امریکہ کی بد عہدی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ایرانی قوم کا ایسا دشمن ہے جس نے معاہدے پر دستخط کرنے کے باوجود پابندیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جبکہ اس معاہدے سے ایرانی قوم کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا۔
خطیب جمعہ نے امریکہ کی ایرانی قوم کے ساتھ آشکارا دشمنی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ایرانی قوم اور حکام کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہے اور اس کی یہ کوشش انقلاب کے آغاز سے جاری ہے ۔ خطیب جمعہ نے کہا کہ ایرانی عوام اور حکام کو امریکہ کی دشمنی اور اس کی ریشہ دوانیوں کے بارے میں آگاہ اور ہوشیار رہنا چاہیے۔
صدیقی نے کہا کہ ایرانی عوام نے اس وقت اسلامی انقلاب برپا کیا جب ان کے پاس صرف پتھر تھے اور آج ایرانی قوم کے پاس انقلاب اسلامی کے تحفظ کے لئے پیشرفتہ میزائل اور وسائل کے ساتھ قوی ایمان بھیموجود ہے ۔
انھوں نے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رہ) کا یادگار ادارہ ہے جس کی اصلی ذمہ داری انقلاب اسلامی کی حفاظت کرنا ہے اور سپاہ نے گذشتہ 38 برسوں میں انقلاب اسلامی کی حفاظت کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں پر اچھی طرح عمل کیا ہے اور اسی وجہ سے سپاہ دشمن کی آنکھ کا کانٹا بنی ہوئی ہے۔