تہران، 21 مارچ - سپریم لیڈر حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ آج عوام کی خواہشات کے مطابق ملک میں جمہوری نظام قائم ہے جبکہ دنیا میں کوئی ملک اسلامی جمہوریہ ایران کی خودمختاری اور آزادی تک نہیں پہنچ سکتا.
یہ بات قائد اسلامی انقلاب حضرت آیت اللہ العظمی 'سید علی خامنہ ای' نے بدھ کے روز نئے ایرانی سال 1397 ہجری شمسی کے پہلے روز مشہد میں آٹھویں امام حضرت رضا (ع) کے مقدس روضے پر سالانہ خطاب کرتے ہوئے کہی.
قائد انقلاب کے اہم خطاب کو سننے کے لئے ایران بھر سے آئے ہوئے لاکھوں زائر اور مشہد کے مجاور اس وقت امام رضا (ع) کے روضے میں موجود ہیں.
اس موقع پر سپریم لیڈر نے فرمایا کہ ہمیں امید ہے کہ دسویں امام حضرت ھادی علیہ السلام کے صدقے میں ایرانی عوام پروردگار کی برکت اور ہدایت سے مستفید رہیں گے.
انہوں نے مزید فرمایا کہ نئے سال کے پہلے دن میں حضرت امام ہادی (ع) کے یوم شہادت سے منسلک ہوا ہے لہذا ہمیں یقین ہے کہ اس دن کی برکت سے ایرانی عوام پر پرودگار کی ہدایت برسے گی.
قائد اسلامی انقلاب نے اپنے خطاب کے دیگر حصوں میں فرمایا کہ آج دنیا میں کوئی ملک ایران کی خودمختاری اور آزادی تک نہیں پہنچ سکتا.
انہوں نے فرمایا کہ خودمختاری، آزادی، جمہوریت، قومی خود اعتمادی، انصاف اور سب سے اہم بات ملک میں دین شریعت اور دین کے اصولوں کے نفاذ انقلابی اقدار اور نعروں کی بنیاد ہیں.
آیت اللہ خامنہ ای نے مزید فرمایا کہ آج میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ایران کی موجودہ آزادی اور خودمختاری دنیا کے کسی اور ملک میں نہیں. آج وطن عزیز ایران میں عوام کی خواہشات کے مطابق جمہوری نظام قائم ہے جسے عوام نے سامراج اور آمرانہ نظام کا تختہ پلٹا کامیاب کیا ہے.
انہوں نے فرمایا کہ ایران وہ واحد قوم ہے جس کی رائے اور خواہش کسی اور قوم کے زیر اثر نہیں ہے.
اس موقع پر آیت اللہ خامنہ ای نے عالمی بینک کے حالیہ اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ ایران میں انقلاب سے پہلے معاشرے کے طبقوں کے درمیان فاصلے کی شرح 50 فیصد سے زائد تھی جبکہ 2015 میں اس کی سطح 38 فیصد پر آگئی جس کا مطلب یہ ہے کہ ہم معاشرے کے طبقوں کے درمیان موجودہ فاصلے میں قابل قدر کمی لائے ہیں.
انہوں نے مزید فرمایا کہ عالمی بینک اور دیگر بین الاقوامی اعداد و شمار کے مطابق انقلاب سے پہلے ایران میں غربت کی شرح 46 فیصد تھی یعنی اس وقت نصف ایرانی آبادی غربت کا شکار تھی جبکہ 2014 میں ایران میں غربت کے شرح 9.5 فیصد تک آگئی.
قائد انقلاب نے فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے بیرونی دباو اور دیگر مسائل کے باوجود انصاف کی فراہمی میں قابل قدر خدمات سرانجام دی ہیں اور اس شعبے میں اچھی ترقی حاصل کی ہے.