ماسکو، 4 اپریل: ایرانی وزیر دفاع اور لاجسٹک نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کے درمیان تمام شعبوں بالخصوص دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک باہمی تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔
یہ بات بریگیڈیر جنرل 'امیر حاتمی' نے ماسکو میں اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران تمام علاقائی ممالک بشمول روس کے ساتھ تعاون اور دہشتگردی کے خلاف مقابلہ کے لئے پُرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردوں کے مکمل صفائے تک ایران اور روس کے درمیان تعاون جاری رہے گا۔
ایرانی وزیر دفاع نے کہا کہ انہوں نے اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ دوطرفہ تعلقات، دفاعی تعاون سمیت خطی صورتحال اور عالمی امور پر تعمیری گفتگو کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماسکو سیکورٹی کانفرنس کا ایک اہم موضوع انسداد دہشتگردی ہوگا اور اس حوالے سے روسی وزیر دفاع کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
بریگیڈیر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ جیسا کہ شامی عوام اور خطے کی دیگر اقوام سے وعدہ کیا گیا ہے تمام دہشتگردوں کے خاتمے تک ہمارا تعاون جاری رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جوہری معاہدے کے نفاذ کے بعد ایران اور روس کے درمیان تعلیمی، تربیتی، فوجی مشقیں، عسکری اور تیکنکی شعبوں میں اچھا تعاون رہا ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایرانی وزیر دفاع اور لاجسٹک بریگیڈیر جنرل امیر حاتمی ماسکو سیکورٹی کانفرنس میں شرکت کے لئے روس کے دورے پر ہیں۔