بیروت - اعلی ایرانی سفارتکار نے لبنانی وزیراعظم کے ساتھ اپنی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ فریقین کے درمیان شام میں دہشتگردوں کیخلاف جنگ جاری رکھنے کی ضرورت اور موجودہ بحران کو سیاسی ذریعے سے حل کرنے پر اتفاق رائے ہے۔ یہ بات نائب ایرانی وزیر خارجہ برائے عرب اور افریقی امور 'حسین جابری انصاری' نے گزشتہ روز بیروت میں وزیراعظم 'سعد الحریری' کے ساتھ اپنی اہم ملاقات کے بعد صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے شامی بحران کے حوالے سے ایران اور لبنان کے مشترکہ موقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لبنانی وزیراعظم کے ساتھ مذاکرات میں فریقین نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ کے حوالے لبنان کی حالیہ کامیابیوں اور ان مقابلوں کے تسلسل کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے اور مذاکرات کے ذریعہ شامی بحران اور تنازعات کے حل پر زور دیا۔ انہوں نے ایران اور لبنان کے درمیان باہمی تعاون کے مثبت اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران لبنانی حکومت کے ساتھ تمام شعبوں سمیت اقتصادی اور سیاسی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے مکمل آمادہ ہے۔
انصاری نے علاقائی اور بین الاقوامی حالات پر لبنان کے وزیر اعظم کے ساتھ اپنی ملاقات کے مثبت اور منفی اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس بات پر پر یقین رکھتے ہیں کہ ایران اور لبنان کے درمیان باہمی تعاون کی توسیع، علاقائی حالات پر مثبت اثر پڑے گا۔ایرانی نائب وزیر خارجہ نے لبنان کے سرحدی علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف حالیہ کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے اور حالیہ فتوحات پر لبنان کی حکومت، قوم، فوج اور مزاحمتی فرنٹ کو مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر نائب ایرانی وزیر خارجہ سے ایران میں گرفتار ہونے والے لبنانی نژاد امریکی شہری نزار زکا کے حوالے سے پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ لبنانی قیادت کے ساتھ اس حوالے سے بات چیت کی گئی، یہ ایک پیچیدہ معاملہ ہے کیونکہ گرفتار ہونے والے شخص پر ایران کے خلاف امریکہ کے لئے جاسوسی کا الزام ہے۔جابری انصاری نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اس کیس پر جلد کام ہوگا اور اس کا حتمی نتیجہ سامنے آئے گا۔
جابری انصاری نے پیر کے روز لبنانی صدر 'میشل عون'، لبنانی اسپیکر 'نبیہ بری' اور لبنان کے وزیر خارجہ 'جبران باسیل' کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ تفصیلات کے مطابق، اس دورے کا مقصد لبنان کے قومی اتحاد اور استحکام کی حمایت کرنا ، اسلامی جمہوریہ ایران اور لبنان کے اعلی حکام کے درمیان دوطرفہ اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔ یاد رہے کہ نائب ایرانی وزیر خارجہ 'حسین جابری انصاری' اعلی لبنانی سیاسی اور مذہبی قیادت کے ساتھ ملاقات کے لئے پیر کے روز بیروت پہنچ گئے۔