حزب اللہ کا امریکہ میں خاتون ایرانی صحافی کی آزادی کا مطالبہ
45070
M.U.H
18/01/2019
لبنان کی مزاحمتی سیاسی تنظیم حزب اللہ نے امریکہ میں پریس ٹی وی کی اینکرپسن ''مرضیہ ہاشمی'' کی گرفتار کی مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
لبنانی چینل المنار کے مطابق، حزب اللہ نے اپنے ایک بیان میں خاتون ایرانی صحافی کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مرضیہ ہاشمی کے ساتھ امریکی اہلکاروں کےتوہین آمیز سلوک کی پرزور مذمت کی ہے۔
ایک بیان کے مطابق، خاتون ایرانی صحافی کی گرفتاری امریکہ میں سماجی اور اخلاقی اقدار اور اصولوں کی پامالی ہے لہذا خاتون صحافی کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
حزب اللہ نے دنیا میں خودمختار میڈیا اداروں پر بھی زور دیا کہ امریکہ کے متعصبانہ رویے اور انسانی حقوق کی پامالی کو بے نقاب کریں۔
یاد رہے کہ مرضیہ ہاشمی کو گزشتہ دنوں سینٹ لوئس لبرٹ بین الاقوامی ایئر پورٹ پر گرفتار کرلیا گیا جس کے بعد ایف بی آئی کے اہلکاروں نے انھیں واشنگٹن میں موجود جیل میں منتقل کردیا۔
خاتون رپورٹر کے اہل خانہ 48 گھنٹوں تک ان کی صورتحال سے لاعلم رہے جبکہ کچھ دن گزرنے کے بعد اہل خانہ کو ان کی گرفتاری سے مطلع کیا گیا۔
پریس ٹی وی کے مطابق، مرضیہ ہاشمی نے اپنے اہل خانہ کو بتایا کہ پولیس نے ان کے ساتھ توہین آمیز رویہ اپنایا۔
انہوں نے بتایا کہ اہلکاروں نے جیل میں منتقلی تک ان کے ساتھ ناروا سلوک کیا جبکہ ان کے سر سے حجاب بھی اتارا گیا۔