امریکہ جان لے، غنڈہ گری کا دور ختم ہوا: آیت اللہ کرمانی
3188
M.U.H
02/11/2018
ایرانی دارالحکومت کے امام جمعہ نے کہا ہے کہ امریکہ، قانون پر عمل کرنے والے ممالک سے بدلہ لینا چاہتا ہے مگر وہ جان لے آج کی دنیا میں غنڈہ گری اور جبر کا دور ہونے کو ہے۔
یہ بات آیت اللہ 'محمد علی موحدی کرمانی' نے آج تہران کے مرکزی نماز جمعہ میں شریک ہزاروں نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ ان ممالک کو سزا دینا چاہتا ہے جو قانون پر عمل کررہے ہیں جبکہ ایسے رویے سے عالم نظم و ضوابط پر برے اثرات مرتب ہوں گے۔
ایرانی مذہبی رہنما کا کہنا تھا کہ ظالموں کا انجام یقینا رسوائی اور نیست و نابودی کے سوا کچھ نہیں، دنیا میں ظالموں کا خیال ہے کہ مزاحمتی فرنٹ کا خاتمہ ہوگا مگر وہ اس خواہش کو اپنی قبر میں لے جائیں گے۔
انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ غنڈہ گردی کا دورہ ختم ہونے کو ہے کیونکہ آپ کے اپنے ہی یورپی اتحادی بھی آپ کا ساتھ نہیں دیتے۔
آیت موحدی کرمانی نے کہا کہ آج خطے میں بعض جابر ممالک کے سوا کوئی بھی ملک امریکہ کی حمایت نہیں کرتا اس کے باجود امریکہ پابندیاں لگانے سے اپنے مقاصد ہرگز حاصل نہیں کرسکے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں امریکیوں سے نفرت اور غم و غصے میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے نامور سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد آل سعود خاندان کے خلاف پیدا ہونے والی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آئے دن سعودی نظام کی مزید رسوائی سامنے آرہی ہے.۔
انہوں نے یمن پر مسلط کردہ جاری جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے دنیا سے یہ استفسار کیا کہ ہم کب تک سنیں گے کہ یمن میں 14 ملین افراد غذائی قلت کا شکار ہیں، جبکہ دنیا نے یمن پر خاموشی اختیار کی ہے اور دوسری جانب امریکہ بھی جارحیت کرنے والوں کی حمایت کررہا ہے۔
تہران کے امام جمعہ نے پاک ایران سرحد کے قریب 12 ایرانی محافظوں کے اغوا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستانی حکومت سے باضابطہ طور پر مطالبہ کرتے ہیں کہ مغوی ایرانی اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی کے لئے فوری اور موثر اقدامات کرے۔