ایرانی حجاج کیلئے سعودی عرب میں سفارتی مرکز کھولا جائے گا
3239
M.U.H
18/06/2018
تہران، 18 جون- اسلامی جمہوریہ ایران نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اس سال حج انتظامات اور ایرانی حجاج کی سہولت کے لئے سعودی عرب میں دفتر تحفظ مفادات کھولے گا۔
یہ بات سربراہ ادارہ حج و زیارات 'حمید محمدی' نے صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ اس سال 85200 افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے جبکہ ایران اور سعودیہ کے درمیان طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت ایران اپنے حجاج کی سہولت کے لئے سعودی عرب میں دفتر تحفظ مفادات (عبوری سفارتی مرکز) کھولے گا۔
ایرانی عہدیدار نے مزید کہا کہ رواں سال کے حج میں ایرانی زائرین کی سہولت کے لئے تین ہزار اہلکاروں پر مشتمل امدادی ٹیمیں بھیجی جائیں گی جس میں ڈاکٹرز، انتظامی امور اور ٹرانسپورٹیشن معاملات کو دیکھنے والے افراد شامل ہوں گے۔
یاد رہے کہ ایرانی زائرین کو سعودی عرب بھیجنے کا آپریشن 18 جولائی کو شروع ہوگا جو 10 اگست تک جاری رہے گا۔
حجاج کی وطن واپسی 25 اگست سے شروع ہوگی اور یہ عمل 15 ستمبر تک جاری رہے گا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ 2015 میں سعودی عرب نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ سفارتکاری تعلقات منقطع کردئے تھے جس کے بعد سیاسی تنازعات کی وجہ سے 2016 میں ایرانی حجاج حج کے لئے سعودی عرب نہیں جا پائے۔
تین سال سے پہلے 64 ہزار ایرانی زائرین حج کے لئے سعودی عرب گئے تھے جن میں سے 464 ایرانی حاجی منی کے ہولناک سانحے میں شہید ہوگئے۔