حکومت کو صوبہ خوزستان کی مشکلات کو حل کرنے میں سنجیدگی سے عمل کرنا چاہیے: آیت اللہ خامنہ ای
2575
M.U.H
24/07/2021
قائد اسلامی انقلاب نے ایرانی عوام کو دشمن کی سازشوں کے مقابلے میں چوکس رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ دشمن عناصر، اسلامی انقلاب اور ملک اور عوام کے مفادات کیخلاف ہر کسی چیز کو استعمال کرنے کی کوشش کرتے ہیں لہذا اس حوالے سے احتیاط برتیں۔
ان خیالات کا اظہار حضرت آیت اللہ خامنہ ای نےبروز جمعے (23 جولائی) کو "کوو ایران برکت" ویکسین کی دوسری خوارک لگوا لینے کے بعد، گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر انہوں نے جنوبی صوبے خوزستان میں پانی کی قلت کی وجہ سے رونما ہونے والے مسائل اور مشکلات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ خوزستان میں پانی کی قلت اور وہاں کے عوام کے مسائل، آج کل کے انتہائی تلخ خدشات میں سے ایک ہیں۔
ایرانی سپریم لیڈر نے ایران کیخلاف آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ میں دشمن کیخلاف مقابلہ کرنے میں خوزستانی عوام کے صف اول میں کھڑے رہنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کو اس طرح کا مصائب کا شکار نہیں ہونا چاہیے اور اگر لوگوں کے کام کو بروقت دیکھ لیا جاتا تو یہ صورتحال پیدا نہ ہوتی۔
انہوں نے عوام کی ویکسین تک رسائی میں موجودہ مشکلات کی بنیادی وجہ کو غیر ملکی فروخت کرنے والے فریق کی بدعہدی قرار دیتے ہوئے ایک بار پھر اس بات کی یاد دہائی کرائی کہ دوسروں پر منحصر ہونے کے اس طرح کے مشکلات ہوتے ہیں لہذا ہمیں اپنے پاؤں پر کھڑا رہنا ہوگا۔
قائد انقلاب نے کورونا کیخلاف لڑنے میں طبی ٹیموں کی جد و جہد اور ملکی ساختہ ویکسین کی تیاری میں ایرانی ماہرین اور سائنسدانوں کی کوششوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کورونا کیخلاف مکمل طور پر قابوپانے تک صحت کے حفاظتی تدابیر پر عمل پیراہونے پر زور دیا۔