عالمی امور میں پارلیمنٹ کے اسپیکر کے مشیر امیر عبداللھیان نے اربعین مارچ کو خطے میں اتحاد اور عالمی سطح پر دنیائے اسلام کی طاقت کا مظہر قرار دیا ہے۔
اپنے ایک ٹی وی انٹرویو میں امیر عبداللھیان نے اربعین حسینی مارچ کے سیاسی اثرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ، ایک ایسے وقت میں جب خطے اور خطے سے باہر اختلافات کو ہوا دینے کی لاتعداد سازشیں کی جارہی ہیں، اربعین حسینی اسلام کے مقدس نام اور روحانی اقدار کے محور پر عالم اسلام کے درمیان اتحاد کا مظہر دکھائی دیتا ہے۔
عالمی امور میں اسپیکر کے مشیر نے سعودی عرب میں لبنان کے وزیر اعظم کے استعفے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی بیداری کے آغاز کے بعد سے امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب مختلف طریقوں سے خطے کے ملکوں کو کمزور اور حالات کو اپنے حق میں موڑنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
حسین امیر عبداللھیان نے داعش کو امریکی سعودی اتحاد کا ایک ہتھکنڈہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مزاحمتی محاذ کے ہاتھوں داعش کی شکست کے بعد، امریکہ ، سعودی عرب اور اسرائیل نے عراق اور شام کی تقسیم کی سازش رچائی اور اس میں ناکامی کے بعد لبنان میں بحران کھڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔