ہندوستان کا خلیج فارس کے ممالک کو بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کا مشورہ
946
M.U.H.
11/06/2017
ہندوستان نے خلیج فارس کے عرب ممالک سے کہا ہے کہ وہ موجودہ بحران کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کریں۔ ہندوستان کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں خلیج فارس میں سعودی عرب اور دیگر ممالک کی جانب سے قطر سے سفارتی تعلقات توڑنے پر اپنے رد عمل میں کہا کہ تمام فریقوں کو اپنے اختلافات کو تعمیری بات چیت کے ذریعے باہمی احترام اور خود مختاری کو یقینی بنانے اور اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرنے کی بین الاقوامی روایت کی بنیاد پر حل کیا جانا چاہیے۔ ہندوستان سمجھتا ہے کہ خلیج فارس میں امن و سلامتی علاقائی ترقی اور خوشحالی کے لیے بہت اہم ہے۔ خلیج فارس کے ممالک کے بحران پراپنا موقف واضح کرتے ہوئے ہندوستان نے کہا کہ عالمی امن و استحکام کے لئے بین الاقوامی دہشت گردی، تشدد، انتہا پسندی اور مذہبی عدم برداشت نہ صرف علاقائی استحکام بلکہ عالمی امن کے لئے سنگین خطرہ ہے اوراس سے تمام ممالک کو مربوط اور جامع شکل سے لڑنا ہوگا۔ وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ہندوستان کے خلیج فارس کے ممالک کے ساتھ طویل عرصے سے دوستانہ تعلقات رہے ہیں ۔ 80 لاکھ سے زیادہ ہندوستانی ورکرزان ممالک میں رہتے ہیں اور ان ممالک میں علاقائی امن و استحکام سے ہمارے مفادات بھی وابستہ ہیں۔
(ABNA)