اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ جنرل سلیمانی نے اپنی ساری زندگی فلسطین کی حمایت اور جدوجہد میں گذاری اور وہ قدس کے کمانڈر تھے اور قدس کے شہید ہیں۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے شہید جنرل قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی قدس کے شہید ہیں اور امریکہ کی جانب سے استقامتی محاذ کو کمزور کرنے کی کوششوں اور قتل و غارتگری کے باوجود استقامتی محاذ کو شکست نہیں ہو گی اور جب تک فلسطین اور قدس سے غاصبوں کو باہر نہیں نکالتے اس وقت تک ہماری غاصبوں اور جارحین کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔
اسماعیل ہنیہ کا کہنا تھا کہ ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے اور اللہ تعالی کے فضل و کرم سے اپنی منزل پا لیں گے۔ انہوں نے اپنے خطاب کے آخر میں کہا کہ جنرل سلیمانی نے اپنی ساری زندگی فلسطین کی حمایت اور جدوجہد میں گذاری اور وہ قدس کے کمانڈر تھے اور قدس کے شہید ہیں اور جس طرح لبنان اور غزہ میں ہم کامیاب ہوئے تھے اسی طرح اب بھی ہم کامیاب و کامران ہوں گے۔