عراقی حشد الشعبی فورس سے وابستہ سید الشہدا بٹالین پر امریکی لڑاکا طیاروں نے بمباری کرکے متعدد افراد کو خاک وخون میں غلطاں کردیا ہے۔داعش کے خلاف نام نہاد امریکی لڑاکا طیاروں نے دہشت گردوں کے بجائے عراقی حشد الشعبی سے وابستہ سید الشہدا بٹالین پر بمباری کی ہے۔
سید الشہدا بٹالین کے کمانڈر کا کہنا ہے کہ امریکی جنگی طیاروں نے پیر کے روز علی الصبح شامی سرحد پر تعیینات حشد الشعبی کے ٹھکانوں پر وحشیانہ حملہ کرکے متعدد جوانوں کو شہید یا زخمی کردیا۔امریکی حکام نے دعوی کیا ہے کہ جنگی طیاروں نے داعشی دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے تاہم حشد الشعبی سے وابستہ سید الشہدا بٹالین کے کمانڈر کا کہنا ہے امریکہ جان بوجھ کر حشد الشعبی کو نشانہ بنا رہا ہے۔
امریکہ نے حشد الشعبی کے ٹھکانوں پر سمارٹ بموں کا استعمال کیا ہے جس کے نتیجے میں کافی جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔سید الشہدا بٹالین کے کمانڈر نے امریکی حکام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حشد الشعبی کے جوان امریکی جارحیت کا بھر پور جواب دیں گے۔
سید شہدا بٹالین کے کمانڈر نے مزید کہا ہم شام سے ملحقہ سرحدوں سے تمام داعشی دہشت گردوں کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔انہوں نے عراقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس حملے کے بارے میں تحقیقات کرائے۔واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی امریکی جنگی طیاروں نے مختلف مقامات خاص کر موصل میں عراقی فورسز پر حملے کئے ہیں۔