اسلامی جمہوریہ ایران نے علاقائی ممالک کے تعلقات میں حالیہ تناؤ کو ریاض کانفرنس کے منفی اثرات کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے تمام فریقین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیتے ہوئے مسائل کو پُرامن مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔
یہ بات ترجمان دفترخارجہ 'بہرام قاسمی نے پیر کے روز تہران میں اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے اس موقع پر قطر اور بعض خطی ممالک کے درمیان تعلقات میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے حوالے سے اسلامی جمہوریہ ایران کے مؤقف پر روشنی ڈالی۔بہرام قاسمی نے مزید کہا کہ ریاض میں حالیہ کانفرنس کا انعقاد نامناسب تھا جس کے منفی نتائج تمام خطے کو اپنے لپیٹ میں لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری نظر میں علاقائی ممالک کو چاہئے کہ وہ تناؤ اور کشیدگی کی صورتحال پر قابو پانے کے لئے مذاکرات کی میز پر بیٹھیں اور علاقائی امن و سلامتی کے لئے بحرانوں کو پُرامن طریقوں سے حل کریں۔