حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نے شام میں اسلامی مزاحمت و مقاومت کی شاندار کامیابی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو شام میں زبردست شکست ہوئی ہے۔
لبنان کی عوامی اور انقلابی تحریک حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ نے کہا ہے کہ شام اس وقت 8 سالہ بحران کے بعد بہترین صورتحال میں ہے۔
سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ سرحد پر اسرائیلی فوج کے اقدامات سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیلی فوج پر خوف و ہراس طاری ہوا ہے۔
حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے مسلط کردہ جنگ کی صورت میں ہم مناسب اور منہ توڑ جواب دیں گے اور لبنانی سرزمین کا دفاع کرنے کے لئے تمام لبنانی آمادہ اور تیار ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہم دشمن کے تمام منصوبوں کو ناکام بنانے کے لئے آمادہ ہیں۔ ہم غزہ، لبنان یا شام میں اسلامی مزاحمت کے خلاف اسرائیل کی ہر کارروائی کا بھر پور جواب دینے کے لئے بھی تیار ہیں۔
حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ غزہ کے عوام نے اسرائیل کو تاریخی اور یادگار سبق سکھایا اور دشمن کو تاریخی سبق سکھانے کے لئےاسلامی مزاحمتی محاذ پہلے سے کہیں زیادہ طاقتور ہے۔
حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نے مسئلہ فلسطین پر امریکہ اور سعودی ولیعہد بن سلمان کی سینچری ڈیل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کا کوئی بھی گروہ اس ڈیل کی حمایت نہیں کرے گا اورامریکہ اور سعودی عرب کو اس ڈیل کے حوالے سے بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔
سید حسن نصر اللہ نے سعودی فوجی اتحاد کے مقابلے میں یمنی عوام کی مزاحمت کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ یقینی طور پر یمنی عوام کے ہاتھوں جارحین کو شکست ہو گی۔
حزب اللہ لبنان کے بے باک اور نڈر سربراہ نے کہا کہ میری بیماری کی افواہیں اور پروپیگنڈہ سب جھوٹ پر مبنی ہے، میں تندرست ، صحیح و سالم اور صحت مند ہوں۔