ایرانی قوم دشمنوں کی سازشوں سے ہوشیار رہے: آیت اللہ خامنہ ای
3077
M.U.H
15/06/2018
ایرانی سپریم لیڈر نے عالمی یوم القدس میں عوام کی غیرمعمولی شرکت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ملک پر معاشی دباؤ ڈالنا دشمن کی اصل سازش ہے جس سے ایرانی قوم کو ہوشیار و بیدار رہنا ہوگا۔
یہ قائد اسلامی انقلاب حضرت آیت اللہ ''سید علی خامنہ ای'' نے جمعہ کے روز عیدالفطر کے خطبے میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر عالمی یوم القدس کی ریلیوں میں ایرانی عوام کی عظیم شرکت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سالوں کے مقابلے میں اس سال کی ریلیوں میں ایرانی عوام کی شرکت تاریخی رہی جس یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ ہمارے عوام مایوس نہیں بلکہ وہ مزید پُرعزم ہیں۔
انہوں نے مزید فرمایا کہ ایرانی عوام نے یوم القدس کے دن شدید گرمی، طویل روزہ داری اور شب ہائے قدر کی عبادت کے باوجود ان ریلیوں میں بھرپور شرکت کی۔
قائد انقلاب نے فرمایا کہ ایرانی قوم تھکی نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی مایوس ہے. جو لوگ عوام کو مایوس اور خستہ دیکھا رہے ہیں وہ در حقیقت خود مایوس ہیں۔
انہوں نے مزید فرمایا کہ ایرانی نوجوان طبقہ قوم کو پُرعزم دیکھانے اور مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے. نوجوان ملک کا عظیم سرمایہ ہے جن کی بدولت وطن عزیز اسلامی جمہوریہ ایران کی عزت، خودمختاری اور عظمت میں اضافہ ہورہا ہے۔
حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے فرمایا کہ عالمی یوم القدس کے موقع پر دشمنوں کی سازشیں بھی عروج پر چلی گئیں تاہم اسلامی ممالک میں بھی یوم القدس کی ریلیوں میں بڑی رونق تھی تاہم شیطانی طاقتوں کی سازشیں چلتی رہیں گی مگر اللہ کے فضل سے وہ شکست سے دوچار ہوں گی۔
انہوں نے مزید فرمایا کہ امریکی صدر خود اس بات کا اعتراف کرچکا ہے کہ انہوں نے مغربی ایشیائی خطے میں 7 کھرب ڈالر خرچے کئے مگر انھیں کچھ نہیں ملا لہذا اس سے خطے میں امریکی شکست ظاہر ہوتی ہے اور یہ کہ شیطان بزرگ سازشوں اور مضموم عزائم کے باوجود اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔
سپریم لیڈر نے ایرانی عوام پر زور دیا کہ وہ بیدار رہیں کیونکہ دشمن، ملک کے خلاف اقتصادی دباؤ کے ذریعے سازش کررہا ہے جس کا اصل مقصد ہی قوم کو مایوس اور دلبرداشتہ کرنا ہے لہذا سب کو بشمول حکومت اور اداروں کو اس سازش کو ناکام بنانے کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید فرمایا کہ آج کا ایک اہم مسئلہ عوام اور معاشرے میں وحدت اور یکجہتی ہے. آج ہم سب کے دشمنوں کے خلاف ایک ہی صف میں کھڑا ہونا ہوگا لہذا ہمیں محتاط رہنا چاہئے کہ ایسا نہ ہو کہ دشمنوں کی باتوں کو دہرا کر عوام کو مایوس کریں۔
آیت اللہ خامنہ ای نے فرمایا کہ اللہ کے فضل و کرم اور ایرانی قوم کے عزم اور جذبہ خودمختاری کے ساتھ ملک کا مستقبل مزید بہتری او روشنی کی طرف آگے بڑھے گا۔