آیت اللہ خامنہ ای نے جوہری سرگرمیوں میں غیرمعمولی تیزی لانے کا حکم دیا
3174
M.U.H
05/06/2018
ایرانی سپریم لیڈر نے ملک کے جوہری توانائی ادارے کو حکم دیا ہے کہ یورینیم کی افزودگی کی سطح کو ایک لاکھ 90 ہزار تک لانے کے لئے غیرمعمولی کارکردگی دیکھائے۔
یہ بات قائد اسلامی انقلاب حضرت آیت اللہ العظمی 'سید علی خامنہ ای' نے گزشتہ روز بانی عظیم انقلاب حضرت امام خمینی (رح) کی 29ویں برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے مزید فرمایا کہ ایرانی جوہری توانائی ادارہ 190000 یونیٹوں کی افزودگی کے لئے جوہری معاہدے کے تحت بنیادی اقدامات اٹھائے۔
انہوں نے فرمایا کہ کچھ یورپی ممالک کی جانب سے ایسے دعوے کئے گئے ہیں کہ ایران پابندیوں کو برداشت کرے گا اور جوہری سرگرمیوں کو روک دے گا جبکہ یہ ہمارے ملک کے مستقبل کے لئے نہایت ضروری ہے اور ہم اپنی حدود میں رہتے ہوئے اس پر کام جاری رکھیں گے۔
آیت اللہ خامنہ ای بانی عظیم انقلاب حضرت امام خمینی (رح) کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مزید فرمایا کہ بانی انقلاب کے بعد بھی ان کا مشن اور اہداف پر عمل درآمد سنجیدگی سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن ایران پر اقتصادی مشکلات، اعصابی جنگ اور دباؤ کی سازش کررہا ہے تاہم اللہ کے فضل اور ایرانی قوم اور حکام کی مزاحمت اور جذبہ ایمانی سے ان سازشوں کو بھی ماضی کی طرح ناکام بنادیں گے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے مزید فرمایا کہ عالمی انصاف کا مطالبہ اور دنیا میں مظلوم اقوام کی حمایت اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت کا جز ہیں. ہم ناجائز صہیونی ریاست کے خلاف مظلوم فلسطینی عوام اور مزاحمتی فورسز کی حمایت بالخصوص علاقائی ممالک کی سالمیت کا دفاع کرنے کو اپنی عزت سمجھتے ہیں۔
انہوں نے فرمایا کہ آج دشمن ہماری ان کاوشوں کو علاقائی معاملات میں مداخلت کا رنگ دینا چاہتا ہے۔
عالمی یوم القدس کے حوالے سے قائد انقلاب نے فرمایا کہ اس دن کی ریلیوں میں بھرپور شرکت اور فلسطینیوں کے حقوق کا دفاع کرنے سے ان کے لئے ایک بہتر مستقبل کو بنایا جاسکتا ہے۔
آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے اپنی تقریر کے آخر میں اسلامی ممالک کے نوجوانوں کی ترقی اور اسلامی مزاحمتی فرنٹ کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔