القدس، فلسطین کا تاحیات دارالخلافہ رہے گا: لاریجانی
3168
M.U.H
08/04/2019
ایرانی اسپیکر نے اپنے اردنی ہم منصب کے ساتھ ایک ملاقات میں اس بات پر زور دیا ہے کہ القدس شریف، مقبوضہ فلسطین کا تاحیات دارالحکومت رہے گا۔
یہ ملاقات اتوار کے روز قطری دارالحکومت دوحہ میں انٹر پارلیمینٹیرین یونین IUP کی جنرل اسمبلی کے موقع پر ہوئی۔
ایرانی اسپیکر نے کہا کہ فلسطین عالم اسلام کا اہم مسئلہ ہے جس پر توجہ دینی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ آج کوئی ملک ٹرمپ کے اقدامات اور فیصلوں کی حمایت نہیں کرتا ہے اور اب اصلی دشمن کے خلاف اسلامی ممالک کے اتحاد کے لیے مواقع میسر ہیں۔
اس موقع میں اردنی اسپیکر نے کہا کہ بدقسمتی سے اسلامی ممالک خطے میں دہشتگردی کی موجودگی کی وجہ سے فلسطین کے مسئلے سے غافل ہوئے ہیں۔
انہوں نے نے کہا کہ ہم ہر روز مسجد الاقصی کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کو دیکھ رہے ہیں اسی لیے تمام اسلامی ممالک کو فلسطین کے مسئلے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے قدس کو فلسطین کا دار الحکومت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ فلسطین کے نہتے اور مظلوم عوام کی حمایت کی ہے اور اس حوالے سے ہمارے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق، انٹر پارلیمینٹیرین یونین کا 140 ویں اجلاس 6 سے 10 اپریل تک دوحہ میں منعقد ہو رہا ہے۔