تہران - ایرانی دارالحکومت کے امام جمعہ نے کہا ہے کہ امریکہ ہمارا دشمن ہے اور جب تک ایران میں اسلامی جمہوریہ نظام قائم ہے تب تک امریکہ پر بھروسہ نہیں کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار آیت اللہ 'محمدعلی موحدی کرمانی نے آج تہران میں نماز جمعہ کے خطبوں میں شریک لاکھوں نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر انہوں نے امیرالمومنین حضرت امام علی علیہ السلام کی یوم شہادت کے سلسلے میں تعزیت پیش کرتے ہوئے مولائے کائنات کی تعلیمات اور ان کے فضائل پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ سب کو علی (ع) کی ضرورت تھی جبکہ مولا علی خود دنیا سے بے نیاز تھے اور یہی ایک اہم وجہ ہے کہ علی سب کے امام ہیں۔
تہران کے امام جمعہ نے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ ہم امریکہ پر بھروسہ کرلیں، امریکہ ہمارا دشمن ہے اور ہم اس کی چال و فریب میں نہیں آنے والے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ نظام، قرآن اور اھلبیت علیھم السلام سے منسلک رہیں گے تاہم یہ توقع نہ رکھیں کہ امریکہ ہم پر مسکرائے۔آیت اللہ موحدی کرمانی نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ پر کوئی امید نہ رکھیں اور اسکے بجائے عوام پر توجہ رکھیں اور اپنی نوجوانوں کی صلاحیتوں اور ملکی وسائل کو بروئے کار لائیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں اقتصادی پوزیشن کو مضبوط کیا جائے بالخصوص مزاحمتی اقتصاد پالیسی کے ذریعے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام کیا جائے۔تہران کے امام جمعہ نے مزید کہا کہ 2009 میں ملک میں ہونے والی فسادات اور سازشوں میں ملوث عناصر کو حکومت میں آنے کی کوئی گنجائش ہے اور نہ ہی کوئی راستہ ہے۔