اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین حسن روحانی نے جاپانی وزیر اعظم کے خصوصی ایلچی اور اس کے ہمراہ وفد سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ امریکہ کی تسلط پسندانہ پالیسی اوراس کے دھمکی آمیز رویے کے کامیاب اور مؤثر نتائج بر آمد نہیں ہوں گے۔ صدر حسن روحانی نے جاپان اور ایران کے درمیان گذشتہ 90 سال کے دوران باہمی تعلقات اور تعاون کو مفید اور خوب توصیف کرتے ہوئے کہا کہ جاپان کے سرمایہ کار اطمینان کے ساتھ ایران میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں کیونکہ ایران میں پائدار امن و صلح برقرار ہے۔ صدر حسن روحانی نے گروپ 1+5 اور ایران کے درمیان مشترکہ ایٹمی معاہدے کو کامیاب اور عالمی معاہدہ قراردیتے ہوئے کہا کہ جاپان نے اس معاہدے کے دوران مذاکرات میں اپنا مثبت اور اہم نقش ایفا کیا۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران مشترکہ ایٹمی معاہدے کے مطابق عمل پیرا ہے اور بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی بھی اپنی متعدد رپورٹوں میں اس کی متعدد بار تائید بھی کرچکی ہے۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ دنیا کی تمام مشکلات کو مذاکرات کے ذریعہ حل کیا جاسکتا ہے۔
اس ملاقات میں جاپانی وزیر اعظم کے خصوصی ایلچی نے ایران کو خطے کا اہم اور پائدار ملک قراردیتے ہوئے کہا کہ ایران کی طرف سے مشترکہ ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد علاقائی ممالک کے لئے اطمینان بخش ہے اور ایران کا علاقائي اور عالمی سطح پر مسائل کو حل کرنے کے سلسلےمثبت کردار قابل قدر اور قابل تعریف ہے۔